مقبول تاریخی ترک ڈرامے ارطغرل غازی میں مرکزی کردار ادا کرنے والے ترکیہ کے اداکار انجین التان دوزیتان نے اپنی عالمی شہرت کا کریڈٹ پاکستان اور پاکستانیوں کو دے دیا۔ انجین التان دوزیتان نے حال ہی میں سعودی عرب میں منعقد ہونے والے ریڈ سی فلم فیسٹیول کے ایک ایونٹ میں خطاب کے دوران پاکستان میں اپنے ڈرامے کی مقبولیت پر کھل کر بات کی۔ایونٹ کے دوران بات کرتے ہوئے ترک اداکار نے کہا کہ ان کے ڈرامے کو پوری دنیا میں سراہا گیا، ان کا ڈراما پہلے ہی اپنے ملک میں مقبول ہوچکا تھا لیکن پاکستان میں نشر ہونے کے بعد الگ ہی معاملہ ہوا۔انجین التان دوزیتان کا کہنا تھا کہ پوری دنیا میں فلموں اور ڈراموں کے شائقین تقریبا ایک جیسے ہی ہوتے ہیں لیکن ارطغرل غازی کے پاکستان میں نشر ہونے کے بعد انہیں دوسری طرح کی پذیرائی ملی۔ان کے مطابق انہیں پاکستان میں ارطغرل غازی کی وجہ سے شہرت ملی، ساتھ ہی دنیا بھر میں ان کی مقبولیت میں اضافہ ہوا، وہ سمجھتے ہیں کہ ان کی مقبولیت میں پاکستان کا اہم کردار ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی