بالی ووڈ اداکارہ ودیا بالن نے 6 ماہ تک آئینے میں اپنا چہرہ نہ دیکھنے کا انکشاف کیا ہے۔بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق 45 سالہ ودیا بالن آج کل اپنی اگلی فلم بھول بھلیاں 3 کی تشہر میں مصروف ہیں۔ اپنے حالیہ انٹرویو میں انہوں نے فلم نگری میں اپنے کیریئر کے ابتدائی سالوں کی روداد سنائی۔انہوں نے انکشاف کیا کہ ایک پروڈیوسر نے مجھے احساس دلایا کہ میں بہت بدصورت ہوں، جس کے بعد میں نے 6 ماہ تک اپنا چہرہ آئینے میں نہیں دیکھا تھا۔بالی ووڈ اداکارہ نے مزید کہا کہ پروڈیوسر نے اس توہین آمیز رویے کا اظہار تب کیا جب میں نے تامل فلم سے نکالے جانے پر سوال اٹھایا تھا۔ودیا بالن نے کہا کہ جب میں نے اس حرکت پر پروڈیوسر سے پوچھا تو انہوں نے میری اداکاری، رقص اور خوبصورتی سے متعلق تضحیک آمیز کلمات کہے۔اداکارہ نے کہا کہ اس رویے کے بعد میں نے 6 ماہ تک اپنا چہرہ آئینے میں نہیں دیکھا، میں تو کہتی ہوں کہ اگر آپ کسی کو مسترد بھی کرنا چاہیں تو ہمیشہ نرمی کے ساتھ پیش آئیں، الفاظ ہمیشہ نقصان پہنچانے کی قابلیت رکھتے ہیں، میں آج تک ان جملوں کو نہیں بھولی اور نہ ہی کبھی بھولوں گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی