بھارتی اداکار سونو سود نے ایک مبینہ فراڈ کیس میں وارنٹ گرفتاری کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ مشہور شخصیات آسان ہدف بن جاتی ہیں اور وہ اس معاملے میں سخت قانونی کارروائی کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق، سونو سود نے زیر گردش خبروں کو سنسنی خیز اور مبالغہ آرائی پر مبنی قرار دیتے ہوئے وضاحت کی کہ حقیقت میں انہیں صرف گواہ کے طور پر طلب کیا گیا ہے، اور ان کا اس کیس سے کوئی تعلق یا وابستگی نہیں ہے۔ اداکار نے مزید کہا کہ ان کے وکلا 10 فروری کو باضابطہ جواب جمع کرائیں گے، جبکہ یہ معاملہ بلا وجہ میڈیا کی توجہ حاصل کرنے کے لیے اچھالا جا رہا ہے۔ واضح رہے کہ بھارتی میڈیا میں یہ خبر گردش کر رہی تھی کہ پنجاب کے شہر لدھیانہ کی مقامی عدالت نے سونو سود کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے ہیں، کیونکہ وہ ایک کیس میں طلب کیے جانے کے باوجود عدالت میں پیش نہیں ہوئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی