معروف ورسٹائل اداکار عدنان شاہ ٹیپو نے کہا ہے کہ پاکستانی ہیروئنز کے نخرے اور سوشل میڈیا فالوورز کو دیکھتے ہوئے ہالی ووڈ کے مایہ ناز اداکاروں رابرٹ ڈی نیرو اور ال پاچینو کو تو کام ہی چھوڑ دینا چاہیے۔ ایک غیر ملکی خبر رساں ادارے کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ وہ ہر کردار کو ہیرو سمجھ کر کرتے ہیں انہوں نے کبھی ولن یا معاون اداکار کو ذہن میں رکھ کر کام نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے کرداروں پر مشتمل اداکاری کو ترجیح دی لیکن بد قسمتی سے پاکستان میں کرداروں پر کہانیاں نہیں بنائی جاتیں۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے انکشاف کیا کیریئر کے آغاز میں ہی انہوں نے سخت مشکلات کا سامنا کیا، جس کے بعد انہوں نے شوبز کو چھوڑنے کا بھی سوچا۔اداکار نے ایک بار پھر کہا کہ انہیں منفی کرداروں کی وجہ سے حقیقی زندگی میں بھی تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ جس طرح ہماری ہیروئنز کے سوشل میڈیا پر فالوورز ہیں تو اس حساب سے رابرٹ ڈی نیرو اور ال پاچینو جیسے اداکاروں کو اداکاری چھوڑ دینی چاہئے کیوں کہ وہ سوشل میڈیا پر ہیں ہی نہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی