بالی ووڈ کی خوبرو اداکارہ کریتی سینن کا کہنا ہے کہ لوگ صرف سپر اسٹارز کے بچوں کو ہی دیکھنا پسند کرتے ہیں جس میں میڈیا کا بھی ایک بڑا کردار ہے کیونکہ میڈیا بھی صرف انہیں ہی فوکس کرتا ہے۔حال ہی میں کریتی سینن نے 55ویں انٹرنیشنل فلم فیسٹیول آف انڈیا میں اپنی پہلی پروڈیوس کردہ فلم دو پتی کی نمائش کے موقع پر بھارتی فلم انڈسٹری میں اقربا پروری کے موضوع پر کھل کر بات کی۔ نیشنل ایوارڈ یافتہ اداکارہ نے کہا کہ اقربا پروری کے لیے زیادہ ذمہ دار انڈسٹری نہیں بلکہ میڈیا اور ناظرین ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ ناظرین اسٹار کڈز میں زیادہ دلچسپی رکھتے ہیں، جس کے باعث فلم ساز بھی ان کے ساتھ فلمیں بنانے کو ترجیح دیتے ہیں۔کریتی نے فلم کی دنیا میں نام بنانے کیلئے اپنی جدوجہد کے سفر پر بات کرتے ہوئے کہا کہ خاندان کا فلم انڈسٹری سے تعلق نہ ہونے کی وجہ سے انہیں انڈسٹری میں جگہ بنانے میں وقت لگا۔ انہوں نے بتایا کہ ابتدائی دنوں میں میگزین کورز اور بڑے مواقع حاصل کرنا مشکل تھا، لیکن مسلسل محنت اور لگن کے ساتھ کامیابی ممکن ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی