بالی ووڈ اداکارہ اور مصنفہ ٹوئنکل کھنا نے اس خواہش کا اظہار کیا ہے کہ کاش ڈمپل کباڈیہ کی جگہ ڈریم گرل یعنی ہیما مالنی ان کی والدہ ہوتیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق ٹوئنکل کھنا نے حال ہی میں بھارتی اخبار کے لیے ایک کالم لکھا جس میں انہوں نے بھارتی شہریوں کو درپیش مسائل پر بات کی، اداکارہ نے ملک کی سڑکوں پر شور شرابے، گندا پانی جمع ہونے اور سڑکوں پر پڑے گڑھوں پر سوالات اٹھائے۔کالم میں ٹوئنکل کھنا نے کہا کہ انہیں اپنے واٹر پیوریفائر سے ٹپکنے والے پانی کی آواز سے ہیما مالنی کا خیال آتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت میں صاف پانی فراہم کرنے کے لیے اداکارہ سے سیاستدان بننے والی ہیما مالنی سے زیادہ کوئی بھی پرعزم نہیں ہے، ملک میں کوئی بھی ہیما جی سے زیادہ بھارت کو صاف پانی دینے میں دلچسپی نہیں رکھتا۔ ٹوئنکل نے مزاحیہ انداز میں لکھا کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے جب میں نے خواہش کی ہو کہ کاش ہیما مالنی میری ماں ہوتیں، ہم ناصرف صاف پانی پر طویل گفتگو کر سکتے تھے بلکہ مجھے زندگی بھر مفت واٹر پیوریفائر کی فراہمی بھی ملتی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی