جڑواں بہن اداکارائوں ایمن اور منال خان نے انکشاف کیا ہے کہ شوبز میں آنے کے بعد کافی عرصے تک ٹی وی دیکھنے والوں سمیت فنکاروں کو بھی اس بات کا احساس نہیں تھا کہ وہ دو الگ الگ لڑکیاں ہیں، انہیں ہر کوئی ایک ہی لڑکی سمجھتا تھا۔ ایک پوڈ کاسٹ پروگرام کے دوران دونوں بہنوں نے بتایا کہ ان کے والد پولیس میں تھے لیکن انہیں اداکاری کا شوق تھا، اس لیے انہوں نے بیٹیوں کو اداکاری کی اجازت دی۔ایک سوال پر دونوں نے بتایا کہ انہوں نے 7 یا 8 سال کی عمر میں اشتہارات میں کام کرنے سے کیریئر کا آغاز کیا۔ دونوں بہنوں نے بتایا کہ دونوں کی شکلیں بھی بہت ملتی تھیں، اس لیے انہیں ہر کوئی پہچان بھی نہیں پاتا تھا۔ایمن خان کا کہنا تھا کہ کافی وقت تک ٹی وی دیکھنے والے عوام سمیت شوبز سے وابستہ افراد کو بھی ان کے الگ الگ ہونے کا علم نہیں تھا، ہر کوئی یہی سمجھتا تھا کہ دونوں ایک ہی لڑکی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ بعد ازاں انہوں نے مارننگ شوز سمیت دیگر ٹی وی شوز میں جانا شروع کیا تو لوگوں کو احساس ہوا کہ ایمن اور منال الگ الگ دو لڑکیاں ہیں، پہلے کوئی ان میں فرق ہی نہیں پہچان پاتا تھا۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی