فلم اور سٹیج کی معروف ڈانسر اور اداکارہ دیدار نے کہا ہے کہ انہیں اب بھی بھارتی فلموں میں کام کی آفرز ہو رہی ہیں اور ممکنہ طور پر وہ جلد ہی کسی بھارتی فلم میں نظر آئیں گی۔ حال ہی میں ایک انٹرویو کے دوران دیدار نے دوبارہ شوبز انڈسٹری میں واپسی کا عندیہ دے کر مداحوں کو حیران کردیا۔اپنے انٹرویو کے دوران دیدار نے انکشاف کیا کہ انہیں ماضی میں متعدد بار بالی وڈ فلموں میں کام کی پیشکش ہوئی جبکہ 2012 میں انہیں بگ باس میں شرکت کی پیشکش بھی ہوئی تھی جس پر وہ رضامند ہو گئی تھیں اور معاہدہ بھی کر لیا تھا لیکن بعد میں انہوں نے متنازع شو میں نہ جانے کا فیصلہ کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ بگ باس کے سیٹ پر بہت سارے کیمرے لگے ہوتے ہیں ہر شخص کا ہر سین ریکارڈ اور نشر کیا جاتا ہے جسے سب دیکھ سکتے ہیں یہی وجہ ہے کہ میں نے شو میں شرکت سے انکار کیا۔دیدار نے مزید انکشاف کیا کہ انہیں اب بھی بھارت سے کام کی پیشکش ہوتی ہے اور اس وقت بھی انہیں ایک پنجابی گلوکار کی جانب سے فلم میں ساتھ کام کرنے کی پیشکش ہے اور ممکنہ طور پر وہ بھارتی فلم میں کام کے لیے رضامند ہو جائیں گی تاہم انہوں نے بھارتی گلوکار کا نام نہیں بتایا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی