پاکستان فلم انڈسٹری کے نامور گلوکار منیر حسین کو دنیا چھوڑے 29برس بیت گئے ۔ منیر حسین کو موسیقار صفدر حسین نے انہیں فلم ''حاتم'' سے فلمی دنیا میں متعارف کروایا جس کے لئے انہوں نے اپنا فلمی نغمہ ''تیرے محلوں کی چھائوں میں قرار اپنا لٹا بیٹھے''گایا اور پہلے ہی نغمے نے انہیںشہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا۔اس کے بعد موسیقار رشید عطرے، خواجہ خورشید انور اور اے حمید نے ان کی آواز سے بھرپور فائدہ اٹھایا۔ وہ پاکستان کے پہلے گلوکار تھے جنہیںبیک وقت اردو اور پنجابی فلموں میں کامیابی ملی تھی۔ انہوں نے اپنے 38 سالہ فلمی کیرئیر میں میںسات لاکھ، عشق لیلیٰ، نوراں، ہیر، مکھڑا، نیازمانہ، بودی شاہ، عالم آرا، بچہ جمورا، ناجی، جھومر، ساتھی، شمع، سوہنی کمہارن، سچے موتی، گلفام، گلبدن، سلمی، آنچل، شہید، اولاد، دامن، چوڑیاں، آشیانہ سمیت 225کے قریب فلمی گیت گائے تھے جن میں بعض ناقابل فراموش اور سدا بہار گیت ہیں۔منیر حسین کے سگے ماموں رشید عطرے پاکستان کے عظیم ترین موسیقار تھے جبکہ ان کے خالہ زاد بھائی صفدر حسین بھی ایک اعلی پائے کے موسیقار جانے جاتے تھے۔ اپنے انداز کا یہ منفرد گلوکار 27ستمبر 1995ء کو جہان فانی سے کوچ کر گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی