بھارتی فلم ساز رام گوپال ورما نے بابا صدیق کے قتل پر ردعمل دیتے ہوئے اسکے پیچھے چھپے مقصد کو ناقابل یقین اور مضحکہ خیز قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایک گینگسٹر ہرن کی موت کا بدلہ لینے کیلئے ایک سپر اسٹار کو مارنا چاہتا ہے۔ رام گوپال ورما نے حالیہ واقعات پر تبصرہ کیا ہے جو سیاستدان بابا صدیق کے قتل کا باعث بنے۔ اپنی سوشل میڈیا پوسٹ میں انہوں نے بغیر کسی کا نام لیے، اس معاملے پر بات کی کہ کس طرح لارنس بشنوئی کا سلمان خان کے ساتھ تنازع مبینہ طور پر بابا صدیق کی موت کا سبب بنا۔اپنے ایکس اکائونٹ پر رام گوپال ورما نے لکھا کہ ایک وکیل سے گینگسٹر بننے والا شخص ایک ہرن کی موت کا بدلہ لینے کیلیے ایک سپر اسٹار کو مارنا چاہتا ہے اور بطور وارننگ اپنے 700 افراد کے گینگ کے کچھ لوگوں کو حکم دیتا ہے کہ پہلے ایک بڑے سیاستدان کو مارا جائے جو اسٹار کا قریبی دوست ہے۔انہوں نے مزید کہا، پولیس اسے پکڑ نہیں سکتی کیونکہ وہ جیل میں حکومتی حفاظت میں ہے اور اس کا ترجمان بیرون ملک سے بات کرتا ہے۔ رام گوپال ورما کے اس بیان پر سوشل میڈیا صارفین نے بھی دلچسپ تبصرے کیے اور کہا کہ تو آپ یہ کہہ رہے ہیں کہ سلمان خان، بابا صدیق، لارنس بشنوئی کا واقعہ ایک حقیقی زندگی کا گینگسٹر اسکرپٹ ہے؟
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی