اداکار و گلوکار ہارون شاہد نے انکشاف کیا کہ ان کی 2017 کی مقبول فلم ورنہ میں ہیروئن کے طور پر ماہرہ خان سے قبل کرینہ کپور کو کاسٹ کیا جانا تھا لیکن بھارتی اداکارہ نے کام سے معذرت کردی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ ورنہ ان کی پہلی فلم تھی، انہوں نے اس سے قبل کبھی اسکول میں بھی اداکاری نہیں کی تھی۔ہارون شاہد کے مطابق ان کے لیے یہی بڑی بات تھی کہ وہ ماہرہ خان اور فلم ساز شعیب منصور کے ساتھ کام کر رہے تھے اور انہیں فلم کی شوٹنگ کے دوران سیکھنے کو بہت کچھ ملا۔انہوں نے ماہرہ خان کی شخصیت و اداکاری کی تعریفیں کرتے ہوئے کہا کہ وہ اتنی بڑی سپر اسٹار ہونے کے باوجود عام انسان کی طرح رویہ اختیار کرتی ہیں، ان میں کسی طرح کی کوئی مغروری نہیں۔اداکار نے ماہرہ خان کی عاجزی پر ان کی تعریفیں کیں اور کہا کہ انہیں کبھی بھی شوٹنگ سیٹ پر ایسا محسوس نہیں ہوا کہ وہ باقیوں سے کمتر ہیں۔ ہارون شاہد نے انکشاف کیا کہ مذکورہ فلم میں بطور ہیروئن کرینہ کپور کو کاسٹ کیا جانا تھا اور ان سے فلم کی ٹیم یعنی شعیب منصور کی باتیں بھی ہوچکی تھیں۔انہوں نے بتایا کہ کرینہ کپور فلم کے لیے پہلی پسند تھیں لیکن اس وقت وہ حاملہ ہوگئیں اور انہوں نے فلم میں کام کرنے سے انکار کیا، جس کے بعد ماہرہ خان کو کاسٹ کیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی