ممبئی کی عدالت نے پولیس کو ہدایت دی ہے کہ فلم بڑے میاں چھوٹے میاں کے ہدایتکار علی عباس ظفر، شریک پروڈیوسر ہمنش میہرا اور دیگر افراد کے خلاف دھوکہ دہی، جعلسازی، اور فریب کے الزامات کے تحت ایف آئی آر درج کی جائے۔معروف فلم پروڈیوسر وشو بھگنانی کی درخواست پر باندرہ میٹروپولیٹن مجسٹریٹ کورٹ نے یہ فیصلہ جاری کیا۔ درخواست میں الزام لگایا گیا کہ فلم بڑے میاں چھوٹے میاں کی شوٹنگ کے دوران ملزمان نے وِشو بھگنانی کے دستخط جعلی طریقے سے استعمال کرکے کروڑوں روپے کا فراڈ کیا۔وشو بھگنانی نے پہلے باندرہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کروائی تھی، لیکن کوئی کارروائی نہ ہونے پر عدالت سے رجوع کیا۔ عدالت نے اپنے حکم میں کہا کہ الزامات سنگین ہیں اور جرم ناقابل ضمانت ہے، جس کے لیے وسیع پیمانے پر تحقیقات اور شواہد جمع کرنا ضروری ہوگا۔فلم بڑے میاں چھوٹے میاں، جس میں اکشے کمار اور ٹائیگر شروف نے مرکزی کردار ادا کیا تھا، ریلیز کے بعد سے تنازعات کا شکار رہی ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی