بالی ووڈ کی آنے والی فلم دو پتی میں فلم ساز نے پاکستان کی مایہ ناز مرحومہ گلوکارہ ریشماں کے گانے اکھیاں دے کول کول کی کاپی کو شامل کرلیا۔کاجول اور کریتی سینن جیسی اداکاراوں کی کاسٹ پر مبنی فلم دو پتی کو 25 اکتوبر کو نیٹ فلیکس پر ریلیز کیا جائے گا، جس میں متعدد گانوں کو پرانے گانوں سے کاپی کرکے شامل کیا گیا ہے۔اسی فلم میں پاکستان کی مایہ ناز گلوکارہ مرحومہ ریشماں کے مقبول گانے اکھیاں نوں رہن دے، آکھیاں دے کول کول کو کاپی کرکے شامل کیا گیا ہے۔پاکستان کے پنجابی کلاسیکل گانے کی کاپی کو شلپا راو نے گایا ہے جب کہ نئے گانے کی شاعری کوثر منیر نے لکھی ہے۔گانے کو دو قبل ریلیز کیا گیا تھا اور اب تک یوٹیوب پر اسے 80 لاکھ کے قریب بار دیکھا جا چکا ہے، تاہم دیکھنے والوں نے گانے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے اسے کلاسیکل پنجابی گانے کی بدترین کاپی قرار دیا اور ٹی سیریز سمیت بھارتی فلم ساز، موسیقار، گلوکار اور اداکارہ کریتی سینن کو تنقید کا نشانہ بنایا۔ٹی سیریز نے یوٹیوب پر اصل گانے کی گلوکارہ سمیت نغمہ نگار اور موسیقار کو بھی کریڈٹ دیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی