اپنی محنت سے بالی ووڈ میں پہچان بنانے والے اداکار وکرانت میسی نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں ہوٹل کے کمرے کا کرایہ بھرنے کیلئے انہیں اپنا موبائل بیچنا پڑا تھا۔ بھارتی میڈیا کو ایک انٹرویو میں اداکار نے اپنے ماضی کے کچھ تلخ تجربات فینز کے ساتھ شیئر کیے۔وکرانت نے بتایا کہ میں نے زندگی میں کافی نشیب و فراز دیکھے، ہم اچھی بھلی زندگی بسر کررہے تھے کہ اچانک ایک خاندانی تنازعہ کے نتیجے میں سب کچھ چلا گیا اور میرے پاس گودام میں رہنے کے سوا کوئی چارہ نہیں تھا۔انہوں نے ماضی کا قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ جب میں نے کمانا شروع کیا تومیرے پاس 5 ہزار روپے اکھٹے ہوئے، میں نے دوستوں کے ساتھ گووا گھومنے کا منصوبہ بنایا اور ہم نکل پڑے۔وکرانت نے بتایا کہ ہم سب ایک ہوٹل میں ٹھہرے، ٹرپ کے آخری دن جب کمرا خالی کرنا تھا تو ہمارے پاس اس کا بل ادا کرنے کے پیسے نہیں تھے، میرے پاس ایک موبائل فون تھا اور اسے میں نے فروخت کر دیا تاکہ بل کی ادائیگی کرسکیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی