i شوبز

''اسکا تصور بھی نہیں کیا تھا'' آغا علی نے حنا الطاف سے طلاق کی تصدیق کردیتازترین

October 07, 2024

معروف اداکار و گلوکار آغا علی نے اداکارہ حنا الطاف سے اپنی طلاق کی تصدیق کردی۔حنا الطاف اور آغا علی میں علیحدگی کی افواہیں گزشتہ 2 برس سے زیرِ گردش تھیں جس حوالے سے جوڑے نے کسی قسم کا بیان نہیں دیا تھا۔تاہم اب آغا علی کی جانب سے میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ میں اپنی طلاق کی تصدیق کی گئی ہے۔ انٹرویو کے دوران انہوں نے کہا کہ یہ بہت مشکل فیصلہ تھا اور زندگی میں کبھی اس کا تصور نہیں کیا تھا، میں شکر ادا کرتا ہوں کہ ہماری وجہ سے کسی اور جان (بچے)کو مشکلات نہیں اٹھانا پڑیں گی۔ انہوں نے کہا کہ میں سب سے یہی کہوں گا کہ ہمارے لیے دعا کریں۔ آغا علی نے کہا طلاق کے بعد ایک بہت بڑا سبق حاصل کیا ہے کیونکہ اس طلاق نے انہیں اپنی زندگی پر نئے سرے سے غور کرنے کا موقع دیا۔اداکار کا کہنا تھا کہ آپ کو پوری کوشش کرنی چاہیے کہ رشتوں کو کامیاب بنایا جائے، لیکن اگر آپ دونوں اس میں ناکام ہو رہے ہیں تو بہترین حل یہی ہے کہ آپ علیحدگی کا راستہ اختیار کریں تاکہ دونوں فریقین اپنی زندگی میں آگے بڑھ سکیں۔ اداکار نے مزید کہا کہ انہوں نے زندگی سے یہ سبق سیکھا ہے کہ وہ آئندہ کبھی بھی اپنے رشتے کو عوام کے سامنے نہیں لائیں گے اس سے رشتے میں مشکلات پیدا ہو سکتی ہیں۔اداکار نے کہا اچھی چیز یہ ہے کہ ہم دونوں کبھی ایک دوسرے کی عزت کرنا نہیں چھوڑیں گے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی