بالی ووڈ فلموں میں شاہ رخ خان کے لیے سپر ہٹ گانے گانے والے معروف گلوکار ابھیجیت بھٹاچاریہ نے شاہ رخ سے جھگڑے کی اصل وجہ بیان کی ہے۔ابھیجیت نے شاہ رخ خان کی کئی فلموں کے لیے مشہور گانے گائے جو مشہور ہوئے اور آج تک ان گانوں کے مداح موجود ہیں، 90 کی دہائی میں شاہ رخ خان کے لیے گانے گانے والے ابھیجیت کے اداکار سے تعلقات خراب ہوگئے تھے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق اس معاملے پر گلوکار نے اب کھل کر بات کی ہے، جب ان سے سوال کیا گیا کہ انہوں نے شاہ رخ کے لیے گانا کیوں چھوڑ دیا تو گلوکار نے کہا جب عزت نفس مجروح ہوتی ہے تو انسان یہ کہنے پر مجبور ہوجاتے ہے کہ بس اب بہت ہوگیا، میں شاہ رخ کے لیے گانا نہیں گاتا تھا بلکہ میں اپنے کام کے لیے گاتا تھا۔انہوں نے کہا میں اب بھی وہی شخص ہوں جو میں تھا، میں اپنے طریقے سے آگے بڑھ رہا ہوں، میں ان سے پانچ یا چھ سال بڑا ہوں، کسی کو معافی مانگنے کی ضرورت نہیں، ہم دونوں میں انا ہے، ہماری سالگرہ میں صرف ایک دن کا فرق ہے۔ ہم دونوں کا برج عقرب ہے، مجھے ان کی یا ان کے سہارے کی ضرورت نہیں ہے۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی