معروف سینئر اداکار، ہدایت کار و پروڈیوسر جاوید شیخ نے انکشاف کیا ہے کہ ماضی میں بالی ووڈ اداکار عمران ہاشمی نے ان کے ساتھ نامناسب رویہ اختیار کیا تھا۔ ایک ٹی وی پروگرام کے دوران انہوں نے اپنے پسندیدہ کرداروں پر بات کرتے ہوئے بتایا کہ عمران ہاشمی کے ساتھ بالی ووڈ فلم جنت میں ادا کیا کردار بھی ان کا پسندیدہ ہے۔ ایک سوال پر انہوں نے انکشاف کیا کہ بھارتی اداکار نے ان کے ساتھ پہلی ملاقات کے دوران نامناسب رویہ اختیار کیا، جس پر انہیں دکھ ہونے کے ساتھ ساتھ غصہ بھی آیا۔انہوں نے ماضی کو یاد کرتے ہوئے بتایا کہ وہ شوٹنگ کے لیے جنوبی افریقہ کے شہر کیپ ٹاون پہنچے، جہاں عمران ہاشمی بھی پہنچے۔ شوٹنگ کے وقت ہدایت کار نے انہیں اور عمران ہاشمی کی ملاقات کرواتے ہوئے ایک دوسرے سے تعارف کرایا اور اس دوران انہوں نے بھارتی اداکار سے ملانے کے لیے اپنا ہاتھ آگے بڑھایا تاہم عمران ہاشمی نے ان کے ہاتھ بڑھانے پر نامناسب رویہ اختیار کیا اور منہ دوسری طرف پھیر کر بے دلی سے ان سے ہاتھ ملا کر چلے گئے، جس پر انہیں افسوس کے ساتھ ساتھ غصہ بھی آیا۔انہوں نے بتایا کہ انہوں نے عمران ہاشمی کی بات نوٹ کی اور پھر ان کے ساتھ شوٹنگ سیٹ پر رہتے ہوئے بھی 15 دن تک بات نہیں کی، جس کے بعد بھارتی اداکار نے خود ان سے بات کرنا شروع کی۔جاوید شیخ کا کہنا تھا کہ انہوں نے عمران ہاشمی کی بدتمیزی کا جواب سنجیدگی سے دیا اور پھر ان کے درمیان بات چیت شروع ہوئی اور گلے شکوے دور ہوئے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی