ترکی-امریکہ اسٹریٹجک میکانزم مشاورت کا تیسرا دور امریکہ کے دارالحکومت واشنگٹن میں منعقد ہوا ہے۔ترک میڈیا کے مطابق نائب وزیر خارجہ امور سعدات اونال نے امریکی معاون وزیر خارجہ وینڈی شرمین اور سیاسی امور کی انڈر سیکرٹری آف سٹیٹ وکٹوریہ نولینڈ سے ملاقات کی ہے۔وفود نے خطے کی سیاسی پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا اور دہشت گردی کی تمام شکلوں اور مظاہر سے نمٹنے کی ضرورت پر زور دیا۔ملاقات میں جنوبی قفقاز میں امن کے فروغ کی اہمیت پر بھی توجہ مرکوز کی گئی۔امریکی وفد نے بحیرہ اسود سے یوکر ینی اناج کے محفوظ راستہ کو یقینی بنانے کے لیے ترکی کی ثالثی کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ملاقات کے دوران اس بات پر زور دیا گیا کہ حالیہ عرصے میں دو طرفہ تجارتی تعلقات میں تیزی آئی ہے اور اس بات پر غور کیا گیا کہ تمام شعبوں میں اقتصادی تعاون مزید آگے بڑھے گا۔نائب وزیر خارجہ امور سعدات اونال نے کہا ہے کہ وہ توانائی کی فراہمی، رسائی، کارکردگی اور آزادی کو مضبوط بنانے کے لیے مل کر کام کریں گے، فریقین نے مشرق وسطی اور افریقہ سمیت دنیا کے مختلف خطوں میں ترکی اور امریکہ کے درمیان ممکنہ تعاون کے مواقع کا بھی جائزہ لیا۔دوسری جانب ترکی اور امریکا کی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری مشترکہ بیان میں کہا گیا ہے کہہ ملاقات میں نیٹو کے دونوں اتحادیوں کے درمیان مضبوط تعاون کی تصدیق کی گئی اور دو طرفہ تعلقات اور تزویراتی اور عالمی امور پر جامع خیالات کا تبادلہ کیا گیا ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی