چین نے امریکا کی جانب سے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف پرردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے اقدامات دوسرے ممالک کے داخلی معاملات میں مداخلت کے مترادف ہیں،تجارتی جنگوں اور ٹیرف پالیسیوں کا کوئی فاتح نہیں ہوتا،ایسے اقدامات سے عالمی معیشت کو نقصان پہنچتا ہے۔یہ بات چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہی گئی ہے ۔ چینی حکام کاکہنا ہے کہ خودمختارممالک کے درمیان معمول کا تجارتی تعاون قابلِ احترام ہونا چاہیے، تجارت کو سیاسی دبائو کے لئے استعمال نہیں کیاجانا چاہیے،ایران سمیت دیگرممالک کیساتھ قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے تجارتی تعلقات جاری رکھیں گے،امریکا غیر قانونی پابندیاں ختم کرے،مذاکرات اورکثیر الجہتی تعاون کا راستہ اختیار کیاجائے۔واضح رہے کہ امریکا نے ایران سے تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کرنے کی دھمکی دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی