i بین اقوامی

سوڈان کے شہر الفاشر میں قتلِ عام چھپانے کیلئے اجتماعی قبریں کھودی جارہی ہیں‘ امریکی ماہرین کا دعویتازترین

November 05, 2025

امریکی ماہرین کی جانب سے دعوی کیا گیا ہے کہ سوڈان کے صوبے دارفور کے دارالحکومت شہر الفاشر میں نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) مبینہ طور پر اجتماعی قبریں کھود کر قتل کیے گئے افراد کی لاشیں دفن کر رہی ہے۔امریکی ییل یونیورسٹی کے ہیومینیٹیرین ریسرچ لیب کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر، نیتھینیئل ریمنڈ نے عرب میڈیا کو دیے گئے انٹرویو کے دوران دعوی کیا ہے کہ ریپڈ سپورٹ فورسز الفاشر میں کیے گئے حالیہ قتلِ عام کے شواہد مٹانے کے لیے بڑے پیمانے پر قتل کیے گئے افراد کو دفن کر رہی ہے۔ییل لیب کے ڈائریکٹر ریمنڈ کا کہنا ہے کہ اگر واقعی الفاشر میں ہونے والی بربریت پر تحقیقات کرنی ہیں تو آر ایس ایف کو شہر سے نکلنا ہوگا اور اقوامِ متحدہ، ریڈ کراس اور امدادی اداروں کو وہاں ہر گھر تک پہنچنے کی اجازت دینی ہوگی، ہم قاتلوں سے اپنی ہی تفتیش کی توقع نہیں رکھ سکتے۔ نیتھینیئل ریمنڈ کا کہنا تھا کہ آر ایس ایف لاشیں اکٹھی کر کے اجتماعی قبریں کھود رہی ہے، یہ ایک واضح کوشش ہے کہ قتلِ عام کے نتیجے میں ہونے والی بڑے پیمانے پر ہلاکتوں کو چھپایا جا سکے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی