پاکستان میں تعینات چین کے سفیر نونگ رونگ نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) نے پاکستانیوں کے لیے 80000 سے زائد ملازمتوں کے مواقع پیدا کیے ہیں۔گوادر پرو کے مطابق 20ویں نیشنل کانگریس آف کمیونسٹ پارٹی آف چائنا (سی پی سی) کے حوالے سے منعقدہ ایک سیمینار سے خطاب کر تے ہوئے نونگ رونگ نے بتایا کہ جون 2022 تک تقریباً 19 بلین ڈالر کی سرمایہ کاری کے 27 سی پیک منصوبے مکمل ہو چکے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ سی پیک کے تحت مزید 27 منصوبے جن کی مجموعی سرمایہ کاری تقریباً 7.7 بلین ڈالر ہے اب تعمیر کے مرحلے میں ہے۔ گوادر پرو کے مطابق سینیٹر ڈاکٹر زرقا تیمور نے کہا کہ سی پیک نے مختلف میگا پراجیکٹس میں ملازمتیں فراہم کرکے خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ادا کیا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ کول پن بجلی ونڈ اور سولر ریسورسز کی بنیاد پر 6000 میگاواٹ سے زائد کے پاور پراجیکٹس کو تیز رفتار بنیادوں پر بنا کر شروع کیا گیا ہے۔ گزشتہ پانچ سالوں میں سی پیک کے تحت بجلی کے منصوبوں نے بجلی کی قلت کو فوری طور پر دور کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔
کریڈٹ:انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی