وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک ) حکومتی سطح کے مفید مرحلے کے بعد اب اگلے کاروبار سے کاروبار کے مرحلے میں داخل ہونے والی ہے جس سے ملک میں ایک صنعتی عروج آئے گا۔ سی پیک اور دیگر چینی منصوبوں کے بارے میں وزیر اعظم کی زیرصدارت ایک جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ حکومت چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبوں کو قومی ترقی اور نمو کے لیے مقررہ مدت کے اندر ترجیحی بنیادوں پر مکمل کر رہی ہے۔ سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ ریلوے منصوبے کا مین لائن۔1 (ایم ایل ۔ون ) منصوبہ پاکستان کے لیے گیم چینجر ثابت ہو گا۔ انہوں نے واضح کیا کہ یہ منصوبہ وسطی ایشیائی ملکوں کے ساتھ رابطے کو یقینی بنائے گا اور پورے خطے کی ترقی اور خوشحالی کا باعث بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ مین لائن۔1 منصوبہ پاکستانی بندرگاہوں کو چین اور وسطی ایشیائی ملکوں سے منسلک کر کے ملک کی اقتصادی ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا۔ وزیراعظم نے مختلف چینی کمپنیوں کی جانب سے پاکستان کے شمسی توانائی کے منصوبوں میں سرمایہ کاری کا بھی خیرمقدم کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی