شمالی کوریا کی جانب سے نئے میزائل تجربے کے بعد امریکا اور جنوبی کوریا کی جانب سے عسکری طاقت کا مظاہرہ کیا گیا، جس کے تحت دونوں ممالک کے 2، 2 میزائل فائر کردیے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق واشنگٹن اور سیئول نے پیانگ یانگ کی جانب سے میزائل تجربے کے بعد ردعمل کے طور پر زمین سے فضا میں مار کرنے والے 4 میزائل بحیرہ جاپان میں داغے ہیں۔جنوبی کوریا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ دونوں ممالک کی جانب سے امریکی ساختہ مختصر فاصلے تک مار کرنے والے 2، 2 اے ٹی اے سی ایم ایس بیلسٹک میزائل فائر کیے گئے ہیں۔ بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ میزائل فائر کی یہ کارروائی دراصل گزشتہ روز شمالی کوریا کی جانب سے طویل ترین فاصلے تک مار کرنے والے میزائل تجربے کا جواب ہے۔ برطانوی میڈیا کے مطابق اس دوران جنوبی کوریا کی جانب سے داغا گیا ایک میزائل ناکام ہو کر گر کر تباہ ہو گیا۔ جنوبی کوریا کی فوج نے مشترکہ مشق کے دوران ناکام میزائل تجربے کے بعد ساحلی شہر گنگنیونگ کے رہائشیوں میں خطرے کی گھنٹی بجانے کے بعد معافی مانگ لی ہے۔جنوبی کورین فوج نے اس واقعے کو 7 گھنٹوں کو تسلیم نہیں کیا، تاہم بعد میں فوج نے میزائل لانچ کی ناکامی کی تصدیق کرتے ہوئے معافی مانگی، اور کہا کہ اس میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے، فوج کا کہنا تھا کہ یہ امریکا کے ساتھ لانچ کیے گئے میزائلوں سے الگ تھا۔قبل ازیں جنوبی کوریا کے صدر نے کہا تھا کہ پیانگ یانگ کی جانب سے اشتعال انگیز تجربات کا سخت جواب دیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی