i بین اقوامی

سعودی ولی عہد نے الیکٹرانک گیمز کی حکمت عملی کا اعلان کردیاتازترین

September 30, 2022

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سافی گروپ فار الیکٹرانک گیمز کی حکمت عملی کا اعلان کردیا ۔ سعودی خبررساں ادارے ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ سافی گروپ سعودی عرب کو 2030 تک الیکٹرانک گیمز اور سپورٹس کے بین الاقوامی سینٹر میں تبدیل کرنے والی حکمت عملی کا کلیدی عنصر ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم سپورٹس اور الیکٹرانک گیمز کے حوالے سے موجود امکانات سے فائدہ اٹھا کر اپنی معیشت میں تنوع پیدا کرتے ہوئے جدت کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے کام کررہے ہیں۔ ہم چاہتے ہیں کہ مملکت میں الیکٹرانک سپورٹس کے حوالے سے تفریحاتی سرگرمیوں اور مقابلہ جاتی پروگراموں کا معیار بلند ہو۔ سافی گروپ فار الیکٹرانک گیمز پبلک انویسٹمنٹ فنڈ کے ماتحت ہے۔ اس کی حکمت عملی کے متعدد اہم اہداف ہیں۔ بڑا ہدف یہ ہے کہ الیکٹرانک سپورٹس اور گیمز سیکٹر میں سرمایہ کاری میں اضافہ کیاجائے۔سافی گروپ کی حکمت عملی کے تحت مملکت میں الیکٹرانک گیمز کی 250 کمپنیوں کے قیام پر کام ہوگا جس سے 39 ہزار افراد کو روزگار ملے گا۔ مجموعی قومی پیداوار میں اس سیکٹر کا حصہ سال 2030 تک بڑھ کر 50 ارب کے لگ بھگ ہوجائے گا۔ حکمت عملی کے تحت 4 پروگراموں میں 142 ارب ریال تک کا سرمایہ لگایا جائے گا۔ ان میں سے 50 ارب ریال ایک ایسی کمپنی میں لگائے جائیں گے جو سپورٹس گیمز کے پرچار اور اسے نئی شکل دینے کے حوالے سے دنیا کی بہترین کمپنی ہوگی۔70 ارب ریال الیکٹرانک سپورٹس سیکٹر اور گیمز کو نیا اندازدینے کے لیے ایک ایسے گروپ کے حصص خریدنے پر لگائے جائیں گے جو سافی گروپ کی سکیموں میں معاون بنے گا۔ دو ارب ریال الیکٹرانک سپورٹس اور گیمز کی تجدید کی غرض سے نئی کمپنیوں میں لگائے جائیں گے۔ 20 ارب ریال گروپ کی حکمت عملی سے مطابقت رکھنے والی نامور کمپنیوں میں لگائے جائیں گے۔ یاد رہے کہ سافی گروپ کی حکمت عملی اس کی ماتحت5 کمپنیاں نافذ کریں گی۔ ہر ایک اپنی خاص حکمت عملی کے ساتھ آزادانہ طریقے سے کام کرے گی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی