i بین اقوامی

سعودی ولی عہد کو لزٹرس کا ٹیلی فون، برطانوی قیدیوں کی رہائی میں کردار پر شکریہ ادا کیاتازترین

September 27, 2022

سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے برطانوی وزیراعظم لز ٹرس نے ٹیلیفون پر رابطہ کیا ہے۔سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان نے رابطے کے دوران ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات پر وزیراعظم لز ٹراس سے تعزیت کی اور شاہ چارلس سوم کی تخت نشینی پرمبارکباد دی ہے۔ سعودی ولی عہد نے لز ٹرس کو بھی برطانوی وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی اور اس خواہش کا اظہار کیا کہ وہ اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرنے میں سرخرو ہوں۔سعودی ولی عہد نے سعودی عرب اور برطانیہ کے مفادات کے لیے مل کر کام کرنے کی بھی خواہش کا اظہار کیا ہے۔لز ٹرس نے پانچ برطانوی قیدیوں کی رہائی اور روس اور یوکرین سے قیدیوں کے تبادلے کے عمل میں کامیاب کردار ادا کرنے پر سعودی ولی عہد کا شکریہ ادا کیا اوراس حوالے سے ممنونیت کا اظہار کیا۔ اس موقع پر دونوں رہنماں نے دونوں ملکوں کے باہمی تعلقات اور سعودی برطانوی سٹراٹیجک شراکت کونسل کے دائرے میں دوطرفہ تعلقات کو جدید خطوط پر استوار کرنے کے طریقوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔ یاد رہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گزشتہ دنوں روس اور یوکرین کے مابین قیدیوں کے تبادلے کے لیے پانچ ممالک کے دس قیدیوں کو کامیاب ثالثی کے ذریعے رہا کرایا ہے۔ دفتر خارجہ نے بیان میں بتایا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان روس، یوکرین بحران کے حوالے سے انسانیت نواز اقدمات کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔ وہ مراکش، امریکہ، برطانیہ، سویڈن اور کروشیا کے دس شہریوں کو رہا کرانے میں کامیاب ہوئے ہیں۔بیان میں کہا گیا تھا کہ سعودی عرب کے متعلقہ اداروں نے قیدیوں کو روس سے اپنی تحویل میں لے کر مملکت منتقل کیا اوران کی محفوظ وطن واپسی میں سہولت فراہم کی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی