سعودی کابینہ نے تہذیبوں کے درمیان افہام و تفہیم کے فروغ اور انتہا پسندی کے انسداد کے حوالے سے بین الاقوامی کوششوں کی حمایت کا اعادہ کیا ہے۔ سعودی کابینہ نے ولی عہد کی سربراہی میں جدہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی تشکیل کی منظوری بھی دی ہے۔کابینہ کا اجلاس جدہ کے قصر السلام میں شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی صدارت میں منعقد ہوا۔ سعودی خبررساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق کابینہ نے جدہ پروجیکٹس مینجمنٹ آفس کو جدہ ڈیولپمنٹ اتھارٹی میں تبدیل کرنے کی منظوری دی۔ مجلس انتظامیہ تشکیل دی گئی جس کی قیادت ولی عہد کریں گے جبکہ گورنر مکہ مکرمہ، نائب گورنر، وزیر ثقافت، کمشنر جدہ، وزیر تجارت، وزیر سیاحت، گورنر پبلک انویسٹمنٹ فنڈ، انجینیئر ابراہیم السلطان اور میئر جدہ اتھارٹی کے ممبر ہوں گے۔کابینہ نے مملکت کے 92 ویں یوم وطنی پر اس بات کے لیے اللہ تعالی کا شکر ادا کیاکہ وہ سعودی عرب، اس کی قیادت اور عوام کو مسجد الحرام مکہ مکرمہ اور مسجد نبوی مدینہ منورہ کی خدمت کا اعزاز عطا کیے ہوئے ہے۔ کابینہ نے اس بات پر بھی اللہ کی حمد و ثنا بیان کی کہ وہ مملکت کو اپنے وفادار عوام اور پاکیزہ اقدار پر عمل پیرا رہنے کی توفیق عطا کیے ہوئے ہے۔
کابینہ کو سعودی عرب اور متعدد ملکوں کے درمیان ہونے والے مذاکرات اور ملاقاتوں کی تفصیلات سے آگاہ کیا گیا۔کابینہ نے برادر اور دوست ممالک اور ان کیعوام سے تعلقات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں برادر اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات میں مزید مضبوطی کی خواہش کا اظہار کیا۔قائم مقام وزیر اطلاعات ڈاکٹر ماجد القصبی نے اجلاس کے بعد ایس پی اے کو بتایا کہ کابینہ میں اس ہفتے سعودی عرب کی میزبانی میں ہونے والی علاقائی و بین الاقوامی کانفرنسوں کے حوالے رپورٹیں پیش کی گئیں۔سعودی کابینہ نے آرٹیفشل انٹیلی جنس ورلڈ سمٹ کے ریاض میں انعقاد کے موقع پر ملکی اور بیرونی پرائیویٹ نیز سرکاری سیکٹرز کے درمیان 40 معاہدوں اور مفاہمتی یادداشتوں پر دستخط کو اہم کامیابی قرار دیا اور کہا کہ اس کارکردگی سے ظاہر ہوتا ہے کہ سعودی عرب آرٹیفیشل انٹیلی جنس سے ترقیاتی اہداف حاصل کرنے کے لیے بھرپور فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی