سعودی عرب نے یکم اکتوبر سے نئی ہیلتھ انشورنس سکیم کا اعلان کردیا، سکیم میں مزید 18 سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا۔ گزشتہ روز سعودی گزٹ کے مطابق سعودی ہیلتھ انشورنس کونسل کی طرف سے یکم اکتوبر2022 سے نئی میڈیکل انشورنس سکیم کا آغاز کیا جارہا ہے، نئی ہیلتھ انشورنس سکیم میں ناصرف مزید 18 سہولتوں کا اضافہ کیا جائے گا بلکہ پہلے سے موجود 10 سہولتوں کو بھی بہتر بنایا جائے گا۔اس حوالے سے ہیلتھ انشورنس کونسل کے ترجمان ناصر الجھنی نے عرب میڈیا کو بتایا ہے کہ ہلتھ انشورنس پروگرام میں ویکسین اور ممکنہ امراض کے پیشگی ٹیسٹ کے حوالے سے متعدد سہولیات کو شامل کیا گیا ہے، جن کے تحت خواتین کی صحت پر خصوصی توجہ دی گئی ہے، حد سے زیادہ موٹاپے کے آپریشن اور گردے کی پیوند کاری کو ہیلتھ انشورنس پروگرام کا حصہ بنایا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ نئے ہیلتھ انشورنس پروگرام میں ذہنی صحت اور اس کا علاج شامل کیا گیا ہے، لاعلاج اور شدید قسم کے ذہنی امراض سے متعلق کوریج کو 15 ہزار سے بڑھا کر 50 ہزار ریال تک کیا گیا ہے، نئی سکیم میں گردے کی صفائی سمیت دیگر سہولتوں کی کوریج کی حد بھی بڑھا دی گئی ہے۔ہیلتھ انشورنس کونسل کے ترجمان نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس پروگرام میں نئی سہولیات کے اضافے کے بعد مستقبل قریب میں ہیلتھ انشورنس سکیم کی فیس میں معمولی سا اضافہ ہوگا، نئی سہولتیں لازمی ہیلتھ انشورنس سکیموں میں ان تمام زمروں کے لیے ہیں جن کی ہیلتھ انشورنس کرانا لازمی ہے، پرائیویٹ سیکٹر کے ملازمین اور ان کے رشتہ داروں کی ہیلتھ انشورنس سکیموں میں بھی نئی سہولیات کا اضافہ ہوگا، ذیابیطس، بلڈ پریشر، دل کے امراض اور موٹاپے جیسی 5 بیماریاں شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی