سعودی عرب دسمبر 2023 میں ریاض میں انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی ایئر سروسز کے مذاکرات پر 15 ویں بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔سعودی خبر رساں ادارے ایس پی اے کے مطابق مملکت اپنے وژن 2030 میں بیان کردہ اہداف کے مطابق ہوا بازی کے شعبے میں آگے بڑھ رہی ہے۔ایس پی اے کے مطابق سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس صالح الجاسر نے کہا کہ یہ کانفرنس رکن ممالک کے لیے ایئر ٹرانسپورٹ کے شعبے کو منظم کرنے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم ہو گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایئر سروسز مذاکرات 2023 پر بین الاقوامی کانفرنس کی میزبانی کے لیے سعودی عرب کا انتخاب مملکت کی عالمی سطح پر ہوابازی کے شعبے میں اس کی موثر شراکت کا اثبات اور اس کی قومی حکمت عملی کے مطابق فضائی رابطے کو بڑھانے کے لیے اس کی کوششوں کو سراہنا ہے جو مملکت کے ویژن 2030 پر مبنی ہے۔دریں اثنا سعودی عرب کو 2023 سے 2025 تک تین سال کی مدت کے لیے انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کی کونسل کی رکنیت کے لیے منتخب کیا گیا ہے۔اس بات کا فیصلہ کینیڈا کے شہرمونٹریال میں منعقدہ تنظیم کی 41 ویں جنرل اسمبلی کے دوران کیا گیا۔مملکت کو 36 ممبران پر مشتمل انٹرنیشنل سول ایوی ایشن آرگنائزیشن کونسل میں پوزیشن حاصل کرنے کے لیے اقوام متحدہ کے 193 رکن ممالک کی شرکت کے ساتھ ووٹنگ کے عمل کے بعد دوبارہ منتخب کیا گیا۔سعودی وزیر ٹرانسپورٹ اور لاجسٹکس صالح الجاسر نے کہا کہ سعودی عرب میں 1945 میں پہلی ایئر لائن کے قیام کے بعد سے مملکت نے دانشمندانہ قیادت کی لامحدود سپورٹ کے ساتھ، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر ہوابازی کے شعبے کے لیے اپنی وابستگی اور انتھک محنت کو ثابت کیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی