i بین اقوامی

روس معذور افراد کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے،اقوام متحدہتازترین

September 13, 2022

اقوام متحدہ کی ایک کمیٹی نے روس کے کنٹرول میں موجود یوکرینی علاقوں میں واقع مختلف یتیم خانوں اور ذہنی مریضوں کے مراکز سے معذور افراد کو فوری طور پر باہر نکالے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔برطانوی میڈیا کے مطابق انسانی حقوق کے ادارے کا دعوی ہے کہ انہیں موصول ہونے والی رپورٹس کے مطابق روس ان علاقوں میں معذور افراد کو انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کر رہا ہے اور انہیں جس قسم کی مدد کی ضرورت ہے وہ انہیں نہیں دے رہا۔اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کے مقبوضہ علاقوں میں ذہنی یا جسمانی طور پر معذور افراد کے لیے قائم ایک مرکز میں کم سے کم بارہ افراد ہلاک ہوئے۔ایک پریس کانفرنس کے دوران اقوام متحدہ کی معذور افراد کے حقوق کے لیے کام کرنے والی کمیٹی نے کہا کہ وہ یوکرین اور ان کے روس کے ہاتھوں مقبوضہ علاقوں میں قائم ان مراکز میں معذور افراد کی حفاظت کے بارے میں بے حد فکر مند ہے۔کمیٹی کے نائب صدر جونس رسکس نے کہا کہ پہلے سے خراب صورت حال روسی جارحیت کے سبب اور بھی زیادہ خراب ہوتی جا رہی ہے۔ معذور بچوں اور ایسے افراد جنہیں پڑھنے لکھنے میں مشکل کا سامنا ہے، انہیں خاص خطرہ ہے۔رسکس نے یوکرین کے متعدد یتیم خانوں اور ذہنی مریضوں کے مراکز میں رہنے والے ہزاروں بچوں کو فوری طور پر وہاں سے باہر نکالے جانے کا مطالبہ کیا ہے۔اقوام متحدہ کا مطالبہ ہے کہ ان افراد کو جلد از جلد ان مراکز سے باہر نکالا جائے اور ان کی فلاح کے لیے سرمایہ کاری کی جائے۔انھوں نے بتایا کہ انہیں غذائیت کے شکار متعدد بچے، بینچ سے بندھے ہوئے نوجوان لوگ اور ایسے لوگ ملے جو سارا وقت بستر میں گزارنے پر مجبور تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی