i بین اقوامی

روس کو یقین ہے یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں کامیاب ہوگا،صدر پیوٹنتازترین

January 01, 2026

روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ روس کو یقین ہے کہ وہ یوکرین کے خلاف جاری جنگ میں کامیاب ہوگا جبکہ یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی کا کہنا ہے کہ ہم روس کے ساتھ جنگ بندی سے متعلق امن معاہدے سے صرف 10 فیصد کی دوری پر ہیں۔غیرملکی میڈیارپورٹ کے مطابق نئے سال کے موقع پر اپنی قوم سے خطاب کے دوران صدر پیوٹن نے یوکرین میں لڑنے والے روسی فوجیوں کو ہیرو قرار دیتے ہوئے عوام سے ان کی حمایت کی اپیل کی ہے۔پیوٹن نے فوجیوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں آپ پر اور اپنی فتح پر یقین ہے۔دوسری جانب یوکرین کے صدر زیلینسکی نینئے سال کے موقع پر اپنے خطاب میں کہا ہے کہ یوکرین کسی بھی قیمت یا سمجھوتے کے بغیر امن چاہتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ہم جنگ کا خاتمہ چاہتے ہیں مگر یوکرین کے خاتمے کی قیمت پر نہیں۔ یوکرین تھکا ہوا ضرور ہے لیکن ہتھیار ڈالنے کے لیے تیار نہیں۔

یوکرینی صدر کا کہنا ہے کہ امریکا کی ثالثی میں ہونے والے مذاکرات کے بعد امن معاہدہ 90 فیصد تک تیار ہے مگر باقی 10 فیصد نکات یوکرین، یورپ اور خطے کے مستقبل کے لیے فیصلہ کن ہوں گے۔انہوں نے کسی بھی معاہدے کے لیے مضبوط سکیورٹی ضمانتوں کو ضروری قرار دیا اور کہا کہ سکیورٹی ضمانتیں اس لیے ضروری ہے تاکہ روس دوبارہ حملہ نہ کرسکے۔ انہوں نے ساتھ ہی خبردار کیا کہ سب سے اہم مسائل ابھی حل طلب ہیں۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فریقین معاہدے میں اہم علاقے کے مسئلے پر اختلافات رکھتے ہیں۔ روسی فوج یوکرین کے تقریبا 20 فیصد حصے پر قابض ہے اور وہ اس معاہدے کے تحت یوکرین کے مشرقی ڈونباس پر مکمل کنٹرول چاہتی ہے۔واضح رہے کہ روس اور یوکرین کے درمیان جاری جنگ کے سبب یورپ میں اس خدشے کا اظہار کیا جا رہا ہے کہ اگر جنگ جلد ختم نہ ہوئی تو اس کے اثرات یوکرین سے باہر بھی پھیل سکتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی