i بین اقوامی

روس یوکرین کے ساتھ جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے،صدر ٹرمپتازترین

December 04, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ روسی صدر ولادیمیرپیوٹن سے خصوصی ایلچی اسٹیو وٹکوف اور کشنرکی ملاقات اچھی رہی،روس یوکرین کے ساتھ جنگ کا خاتمہ چاہتا ہے۔وائٹ ہائو س میں صحا فیوں سے گفتگو میں ٹرمپ نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ وٹکوف کی پیوٹن سے ملاقات مجموعی طور پر اچھی رہی، بہت اچھی۔ تاہم انہوں نے وضاحت کی کہ نتیجہ آنا ابھی مشکل ہے کیونکہ معاملہ دونوں فریقین کی رضامندی پر منحصر ہے۔ ٹرمپ کے مطابق پیوٹن نے امن کی خواہش ظاہر کی ہے۔ ٹرمپ نے مزید کہا کہ یوکرین نے امریکی امن منصوبے کی زیادہ تر باتیں مان لی ہیں۔ اس ملاقات کا کیا نتیجہ نکلتاہے، اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہہ سکتے۔ٹرمپ نے صحافیوں کو بتایا کہ صدر پیوٹن یوکرین کے ساتھ جنگ ختم کرنا چاہتے ہیں، انہوں نے دعوی کیا کہ اگر وہ صدر ہوتے تو روس یوکرین جنگ کبھی شروع ہی نہ ہوتی اور یوکرین اپنا 100 فیصد علاقہ برقرار رکھتا۔روس یوکرین امن مذاکرات کے لیے ٹرمپ کے معاونین میامی میں یوکرینی مذاکرات کار سے ملاقات کررہے ہیں ۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز صدر ٹرمپ کے معاون خصوصی اسٹیو وٹکوف اور ان کے داماد جیرڈ کشنر کی ماسکو میں صدر پیوٹن سے تقریبا 5 گھنٹے طویل ملاقات ہوئی۔ملاقات کے بعد روسی صدر کے خارجہ پالیسی کے مشیر امور یوری اوشاکوف نے بتایا کہ امریکی حکام سے حالیہ بات چیت میں کچھ نکات کو قبول کیا گیا جبکہ چند پر اتفاق رائے نہیں ہو سکا تاہم مجموعی طور پر مذاکرات مفید رہے۔ان کا کہنا تھا کہ روس اور امریکا کے درمیان علاقائی معاملات پر اب تک کوئی سمجھوتہ نہیں ہوا اور نہ ہی دونوں ممالک کے صدور کی ملاقات طے ہے۔روس کا کہنا ہے کہ اس نے امریکی منصوبے کو مکمل طور پر مسترد نہیں کیا بلکہ کچھ نکات مانے گئے ہیں اور کچھ ناقابلِ قبول قرار پائے ہیں۔ کریملن کے مطابق روس اب بھی سفارتی حل کا خواہش مند ہے، لیکن اگر یوکرین نے اپنے علاقوں سے دستبرداری نہ دکھائی تو ماسکو جنگ جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی