امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے نمائندہ خصوصی اسٹیو وٹکوف کی شاہ ایران کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی سے خفیہ ملاقات کا انکشاف ہوا ہے۔امریکی میڈیا کے مطابق ویک اینڈ پر ہونے والی ملاقات میں ایران مظاہروں پر تبادلہ خیال کیاگیا ۔ایران میں پرتشدد مظاہروں کے بعد ایرانی حکومت مخالف شخصیت اور ٹرمپ انتظامیہ کے درمیان یہ پہلی اعلی سطحی ملاقات تھی۔ اس سے قبل گزشتہ ہفتے ٹرمپ نے اشارہ دیا تھا کہ وہ پہلوی سے ملنے کا ارادہ نہیں رکھتے، یہ کہتے ہوئے کہ وہ 'ایک اچھے انسان لگتے ہیں' لیکن یہ 'اس وقت مناسب نہیں ہوگا۔خیال رہے کہ ایران کے آخری بادشاہ کے جلاوطن بیٹے رضا پہلوی نے ایران میں مہنگائی کے خلاف جاری مظاہروں میں شدت لانے کے لیے ملک بھر میں عوام سے اپیل کی تھی کہ وہ سڑکوں پر نکلیں۔دریں اثنا ایران کے سابق ولی عہد رضا پہلوی نے ایران میں جاری مظاہروں سے متعلق ایکس پر ایک بیان جاری کیا ہے جس میں انھوں نے ایرانی عوام کو مخاطب کیا ہے۔
رضا پہلوی نہ کہا کہ ایرانی عوام کے نام میں ایک پیغام دینا چاہتا ہوں کہ دنیا نہ صرف آپ کی آواز اور جرات کو دیکھ اور سن رہی ہے بلکہ اب اس پر ردعمل بھی دے رہی ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں پتہ چلا ہے کہ امریکی صدر کا پیغام آپ تک پہنچ چکا ہے کہ مدد آرہی ہے آپ احتجاج جاری رکھیں۔ رضا پہلوی نے اپنے پیغام میں مظاہرین سے کہا کہ اپنی جدوجہد جاری رکھیں اور حکومت کو یہ تاثر ظاہر نہ کرنے دیں کے اب حالات معمول پر آرہے ہیں۔انھوں نے مزید کہا کہ احتجاج کے دوران بہنے والے خون نے ہمارے اور حکومت کے درمیان ایک لکیر کھینچ دی ہے۔ ان تمام مجرموں کے نام محفوظ رکھیں، وہ اپنے جرائم کی سزا پائیں گے۔رضا پہلوی نے اپنے پیغام میں فوج کے اہلکاروں کو خصوصی مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ ایران کی قومی فوج ہیں، اسلامی جمہوریہ کی فوج نہیں۔ آپ پر فرض ہے کہ اپنے ہم وطنوں کی جانوں کا تحفظ کریں۔ آپ کے پاس زیادہ وقت نہیں ہے جلد از جلد عوام کا ساتھ دیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی