امریکی ٹی وی نے صدر ٹرمپ کی جانب سے ایران پر زور دار حملے کا امکان ظاہر کیا ہے۔امریکی ٹی وی کا کہنا ہے کہ صدر ٹرمپ ایران پر زور دار اور فیصلہ کن حملہ چاہتے ہیں اور وہ طویل جنگ کے بجائے مختصر لیکن فیصلہ کن کارروائی چاہتے ہیں۔دوسری جانب اسرائیلی میڈیا کے مطابق اسرائیلی آرمی چیف نے فوری 'دفاعی' تیاریوں کا حکم دے دیا ہے، شمالی اسرائیل سمیت مختلف علاقوں میں بم شیلٹر کھلنا شروع ہوگئے، اسرائیل توقع کر رہا ہے امریکا ایران پر حملوں سے قبل وارننگ دے گا۔ ادھر برطانوی خبر رساںادارے نے ایران پر امریکا کے ممکنہ حملے سے متعلق بڑا دعوی کیا ہے ۔
برطانوی خبر ایجنسی نے مغربی فوجی حکام کے حوالے سے دعوی کیا کہ تمام اشارے ہیں کہ ایران پر عنقریب حملہ ہونے والا ہے اور یہ فوجی کارروائی آئندہ 24 گھنٹے میں بھی کی جاسکتی ہے۔ مغربی فوجی حکام کا کہنا ہے کہ غیر متوقع پن امریکی حکمت عملی کاحصہ ہے۔ اسرائیلی میڈیا نے بھی دعوی کیا ہے کہ امریکا چند روز میں ایران پر حملہ کر سکتاہے۔اسرائیلی حکام کی جانب سے کہا گیا ہیکہ صدر ٹرمپ نے ایران میں مداخلت کا بظاہر فیصلہ کرلیا ہے تاہم حملے کا دائرہ اور اس کا وقت واضح ہونا باقی ہے۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مظاہرین کو پھانسی دینے اور تشدد کے واقعات پر ایران کو سخت نتائج بھگتنے کی دھمکی دی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی