i بین اقوامی

منشیات اسمگلنگ کا الزام،صدر ٹرمپ کا وینزویلا کیخلاف زمینی کارروائی کا عندیہتازترین

December 12, 2025

امریکا اور وینزویلا کے درمیان کشیدگی میں اضافہ، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کے خلاف زمینی کارروائی کا عندیہ دیدیا جبکہ وینزویلا کے جہازوں اور صدر کے خاندان کے افراد پر پابندیاں لگادی گئیں۔وائٹ ہائو س میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے امریکی صدر نے کہا کہ منشیات اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے اقدامات کررہے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا میں اب صورت حال جلد ہی زمینی کارروائی تک پہنچنے والی ہے۔امریکی صدر کاکہنا تھا کہ وہ وینزویلا سے ہونے والی منشیات اسمگلنگ کے خلاف کارروائیاں جاری رکھیں گے۔ صدر ٹرمپ نے ان اقدامات کو امریکی سرزمین اور عوام کی حفاظت کے لیے ضروری قرار دیا۔د ۔دریں اثنا امریکا نے وینزویلا کے ساحل کے قریب تیل بردار جہاز پر قبضے کے بعد 6 بحری جہازوں اور وینزویلا کے صدر کے خاندان کے 3 افراد پر پابندیاں عائد کر دیں۔غیرملکی خبر رساںادارے کے مطابق پابندی کی زد میں آنے والے بحری جہازوں کا تعلق وینزویلا سے ہے۔

امریکی محکمہ خزانہ نے اس اقدام کی وجہ غیر قانونی تیل کی تجارت روکنے کو قرار دیا۔رپورٹس کے مطابق امریکا نے گزشتہ روز وینزویلا کے قریب پکڑے گئے ٹینکر کا تیل ضبط کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا۔اس حوالے سے ترجمان وائٹ ہاس کیرولائن لیوٹ نے دعوی کیا کہ ٹینکر ایران کے لئے غیرقانونی طریقے سے تیل لے جارہا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ٹینکر کے عملے سے پوچھ گچھ جاری ہے، شواہد بھی اکٹھے کیے جارہے ہیں۔ادھر وینزویلا کے وزیرخارجہ نے امریکی کارروائی سمندری ڈکیتی قرار دے دی اور کہا کہ امریکا وینزویلا کے وسائل ہتھیانے کا منصوبہ بنارہا ہے ۔یاد رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ گزشتہ چند ماہ سے وینزویلا کے صدر نکولس مادورو پر سیاسی دبائو بڑھا رہے ہیں۔ ٹرمپ نے مادورو پر الزام لگایا ہے کہ وہ مجرموں کو امریکا بھیجنے اور منشیات کی اسمگلنگ میں سہولت کاری میں ملوث ہیں۔دوسری جانب وینزویلا کے صدر نکولس مادورو ان تمام الزامات کی تردید کرتے ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی