i بین اقوامی

مجھے ہر جنگ رکوانے پر نوبیل انعام ملنا چاہیے لیکن میں لالچی نہیں بننا چاہتا،صدر ٹرمپتازترین

December 03, 2025

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ انہیں نوبیل انعام نہیں ملا، کہا گیا کہ روس یوکرین جنگ رکوائیں گے تو نوبیل انعام ملے گا لیکن یہ نہیں دیکھاکہ پاک بھارت جنگ اور باقی 8 جنگیں رکوائیں۔غیرملکی خبررساںادارے کے مطابق کابینہ اجلاس سے خطاب اور صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے ٹرمپ نے کہا کہ انہیں تو ہر جنگ رکوانے پر نوبیل انعام ملنا چاہیے لیکن وہ لالچی نہیں بننا چاہتے۔امریکی صدر نے کہا کہ نوبیل انعام پانے والی خاتون نے بھی انہیں نوبیل انعام کا حق دار قرار دیا۔امریکی صدر کا کہنا تھا انہیں جنگوں میں ہونے والی ہلاکتوں کی پروا ہوتی ہے ، انہوں نے 8 جنگیں رکوائیں اور نویں ختم ہونے والی روس یوکرین جنگ ہوگی۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ یوکرین کی صورتِ حال پیچیدہ ہے ، مسئلہ حل کرنا آسان نہیں ۔اس موقع پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دھمکی دیتے ہوئے کہا ہے کہ جو بھی ملک امریکا میں غیر قانونی منشیات بھیجے گا، وہ امریکی حملوں کا سامنا کرنے کے لیے تیار رہے ۔ انہوں نے کولمبیا سے آنے والی کوکین کا ذکر بھی کیا اور کہا جو بھی ایسا کر رہا ہے اور ہمارے ملک میں منشیات بیچ رہا ہے، وہ حملے کا نشانہ بن سکتا ہے۔

ٹرمپ نے حالیہ مہینوں میں بحرِ کریبین اور بحرالکاہل میں مبینہ منشیات بردار کشتیوں کے خلاف کارروائیوں کا ذکر بھی کیا، جن میں امریکی میزائل حملوں سے درجنوں افراد مارے جاچکے ہیں۔امریکی فوج نے کریبین علاقے میں اپنی موجودگی بڑھا دی ہے، جبکہ ٹرمپ اور وینزویلا کے صدر نیکولس مادورو کے درمیان کشیدگی بھی بڑھ رہی ہے۔ٹرمپ انتظامیہ کا الزام ہے کہ مادورو غیر قانونی منشیات امریکا پہنچانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں، تاہم مادورو اس الزام کی تردید کرتے ہیں۔ گزشتہ دنوں ٹرمپ نے وینزویلا میں امریکی فوجی مداخلت کے امکان کا بھی حوالہ دیا تھا۔ٹرمپ نے کہا کہ صرف وینزویلا ہی نہیں، کوئی بھی ملک جو امریکا کو منشیات بھیج رہا ہے، زمینی حملوں کا سامنا کر سکتا ہے۔ انہوں نے کولمبیا کا ذکر کرتے ہوئے کہا سننے میں آیا ہے کہ کولمبیا کوکین بنا رہا ہے، ان کے پاس کوکین بنانے کے پلانٹس ہیں اور پھر یہ کوکین ہمیں فروخت کرتے ہیں۔دوسری جانب کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو جنہیں ٹرمپ انتظامیہ پہلے ہی پابندیوں کا نشانہ بنا چکی ہے، نے ٹرمپ کو ملک کی انسدادِ منشیات مہم میں شامل ہونے کی دعوت دیتے ہوئے خبردار بھی کردیا۔پیٹرو نے کہا ہماری خودمختاری کو دھمکی نہ دیں، ہماری خودمختاری پر حملہ جنگ کے اعلان کے برابر ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی