میکسیکو کی صدر کلاڈیا شینیام کیساتھ ایک نامعلوم شخص کی نازیبا حرکت، صدر نے مقدمہ درج کرا دیا۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یہ واقعہ تاریخی مرکز ی علاقے میں پیش آیا، جب صدر کلاڈیا شینبام عوام سے ملاقات کرتے ہوئے نیشنل پیلس سے وزارتِ تعلیم تک پیدل جا رہی تھیں۔ راستے میں وہ لوگوں سے مصافحہ کر رہی تھیں کہ ایک شخص نے قریب آ کر ان کے ساتھ نازیبا حرکت کی کوشش کی۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہوئی اور ملک بھر میں خواتین کے خلاف بڑھتے ہوئے تشدد پر نئی بحث چھڑ گئی۔ انٹرنیشنل میڈیا کے مطابق صدر کلاڈیا شینبام نے بتایا کہ انہوں نے اس شخص کے خلاف قانونی شکایت درج کرائی ہے جس نے انہیں سرِ عام چھوا اور زبردستی بوسہ دینے کی کوشش کی۔
میکسیکو میں صدر کلاڈیا شینبام کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ اس حقیقت کو اجاگر کرتا ہے کہ طاقت اور عہدہ بھی عورت کو ہراسانی سے محفوظ نہیں رکھ پاتے۔ شینبام نے کہا، اگر یہ میرے ساتھ ہو سکتا ہے تو عام نوجوان خواتین کا کیا حال ہوگا؟ کوئی بھی شخص کسی خاتون کی ذاتی حدود کو توڑنے کا حق نہیں رکھتا۔ صدر کلاڈیا شینبام نے میکسیکو کے معروف اخبار ریفورما کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا، جس نے ان کے ساتھ پیش آنے والے واقعے کی تصاویر شائع کیں۔ صدر کا کہنا تھا کہ ایسی تصاویر کا استعمال ان کی دوبارہ تذلیل کے مترادف ہے اور یہ اخلاقی حدود کی صریح خلاف ورزی ہے۔ شینبام نے واضح کیا کہ خواتین کی تصاویر ان کی اجازت کے بغیر شائع کرنا جرم ہے، اور انہوں نے اخبار سے فوری معافی کا مطالبہ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی