مغربی کنارے میں صہیونی فورسز نے چھاپوں میں 5مزید فلسطینی شہید کر دیے،فلسطینی وزارت صحت کے مطابق منگل کی صبح مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فورسز کے چھاپوں میں پانچ مزید فلسطینی شہید کر دیے گئے، جب کہ 19زخمی ہو گئے،وزارت نے بیان میں کہا کہ مقبوضہ مغربی کنارے کے شہر نابلس میں اسرائیلی فائرنگ سے چار فلسطینی شہید اور انیس زخمی ہو گئے ہیں، جن میں سے تین کی حالت تشویش ناک ہے،وزارت نے بعد میں ایک اور اطلاع میں بتایا کہ اسرائیل کی فائرنگ سے ایک اور فلسطینی شہید ہو گیا ہے، فورسز نے وسطی مغربی کنارے میں فلسطینی اتھارٹی کے ہیڈ کوارٹر کے گھر رام اللہ میں شہری کو شہید کیا،ادھر اسرائیلی فوج نے پولیس اور انٹیلیجنس ایجنسیوں کے ساتھ ایک مشترکہ بیان میں اس بات کی تصدیق کی ہے کہ انھوں نے نابلس میں ایک بڑے پیمانے پر رات کو کارروائی کی، فورسز نے الزام لگایا کہ جس اپارٹمنٹ پر چھاپا مارا گیا وہاں دھماکہ خیز مواد تیار کیا جا رہا تھا،اسرائیلی فورسز نے دعوی کیا کہ عمارت میں فلسطینی نوجوانوں کی شیروں کی کچھار (عرین الاسود)نامی تنظیم کا دفتر قائم تھا، اور کارروائی میں مسلح افراد کو نشانہ بنایا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی