مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپوں کے دوران 4 فلسطینی جاں بحق ہو گئے ہیں۔فلسطین کی وزارت صحت نے نے بتایا کہ متاثرہ افراد میں سے 3 کا تعلق مغربی کنارے کے شمالی شہر نابلس اور ایک کا تعلق جنوبی شہر الخلیل سے ہے۔نابلس میں جھڑپیں اس وقت شروع ہوئیں جب اسرائیلی اسپیشل فورسز نے اسرائیل کے خلاف حملوں میں ملوث ہونے کے شبہ میں مطلوب فلسطینیوں کی تلاش کیلئے فجر سے پہلے شہر پر دھاوا بولا۔اسرائیلی پولیس نے ایک بیان میں کہا کہ اسرائیلی فورسز نے ابراہیم النابلسی کے گھر کو گھیریمیں لے لیا جو رواں سال مغربی کنارے کے قدیم نابلس شہر میں فائرنگ حملوں کے سلسلے میں اسرائیل کو مطلوب تھا۔اسرائیلی فوج نے ایک اور بیان میں کہا کہ اس کے فوجیوں کا النابلسی کے گھر کے اندر موجود متعدددہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس میں النابلسی سمیت 3 مسلح فلسطینی مارے گئے ہیں۔انجمن ہلال احمر فلسلطین نے بتایا کہ اسرائیلی فوجیوں نے فلسطینی ایمبولینسوں پر بھی فائرنگ کی اور متاثرہ افراد کو نکالنے کیلئے طبی ٹیموں کو علاقے میں داخل ہونے سے روک دیا۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق الخلیل میں اسرائیلی فوجیوں کے ساتھ جھڑپ کے دوران 17 سالہ مومن جبار کو سینے میں گولی لگی اور وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جان کی بازی ہارگیا۔فلسطینی عینی شاہدین کے مطابق نابلس میں جھڑپ کے بعد پورے مغربی کنارے میں کشیدگی بڑھ گئی ہے اور الخلیل ، رم اللہ، نابلس اور بیت لحم میں اسرائیلی فوجیوں اور فلسطینی نوجوانوں کے درمیان شدید جھڑپیں ہوئی ہیں-
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی