مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ایک فلسطینی شہید ہو گیا جبکہ اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ فوجیوں نے گشت کے دوران مسلح مشتبہ شخص پر فائرنگ کی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق اسرائیلی فوج کا کہنا تھا کہ فوجی اہلکاروں کی جانب سے گاڑی اور موٹر سائیکل پر سوار مسلح مشتبہ افراد کی جانب سے شمالی مغربی کنارے میں نابلس کے قریب فائرنگ کی گئی، واضح رہے کہ اس علاقے میں حالیہ مہینوں کے دوران روزانہ کی بنیاد پر پرتشدد واقعات دیکھے گئے ہیں۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق جاں بحق ہونے والے شخص کی شناخت سعید الکونی کے نام سے ہوئی ہے۔دی لائنز ڈین نامی جنگجوں کے اتحاد نے دعوی کیا ہے کہ سعید الکونی ان کے گروپ کا رکن ہے، یہ اتحاد حال ہی میں نابلس میں نمودار ہوا ہے۔یاد رہے کہ اگست میں اسرائیلی فوجیوں کی فائرنگ سے ابراہیم البنلسی نامی نوجوان بھی شہید ہوگیا تھا جس کے بعد دی لائنز ڈین نامی جنگجوں کے اتحاد نے دعوی کیا کہ یہ نوجوان بھی انہی کے گروپ کا رکن تھا، بعد ازاں ابراہیم النبلسی نامی نوجوان مقامی سطح پر سوشل میڈیا پر ہیرو کے طور پر مشہور ہو گیا تھا۔تاہم ابراہیم النبلسی کے لاکٹ نابلس شہر کے بازاروں میں فروخت ہو رہے ہیں، نابلس میں سعید الکونی کی موت دراصل اس علاقے میں گزشتہ 2 روز کے دوران ہونے والی دوسری ہلاکت ہے۔یاد رہے اس سے قبل مقبوضہ مغربی کنارے میں اسرائیلی فوجیوں کے ہاتھوں ایک فلسطینی ڈرائیور کو گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔اسرائیلی فوج نے دعوی کیا ہے کہ اس فلسطینی نے اپنی گاڑی فوجیوں پر چڑھانے کی کوشش کی تھی جبکہ فلسطینیوں کا کہنا ہے کہ یہ ایک ٹریفک حادثہ تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی