i بین اقوامی

ہم جلد ہی ایران میں آزادی کا جشن منائیں گے،روشنی تاریکی پر غالب آئے گی ، سابق ملکہ ایران فرح پہلویتازترین

January 13, 2026

ایران کی سابق ملکہ فرح پہلوی نے ایرانی عوام کے نام اپنے تازہ پیغام میں کہا ہے کہ میرے ہم وطنوں امید کو قائم رکھیں، مضبوط رہیں اور یقین رکھیں کہ جلد ہی ہم سب ایران میں آزادی کا جشن منائیں گے اور روشنی تاریکی پر غالب آئے گی۔بی بی سی رپورٹ کے مطابق فرح پہلوی نے اپنے انسٹاگرام اکائونٹ پر ایک آڈیو پیغام کے ساتھ تحریری بیان بھی جاری کیا جس میں انھوں نے ایرانی عوام کی بہادری، وطن سے محبت اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ دنیا بھر کے لاکھوں افراد نے ان کی جدوجہد کی حمایت کی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ تاریک دور کے حکمرانوں آپ کی آواز سے خوفزدہ ہو کر دنیا سے آپ کے روابط منقطع کر رہے ہیں لیکن آپ کا پیغام اتنا واضح ہے کہ اسے خاموش نہیں کیا جا سکتا۔ مجھے یقین ہے کہ آپ کے احتجاجی مناظر جلد یا بدیر سنسرشپ کی دیواروں کو توڑ کر دنیا کو حیران اور متاثر کریں گے۔

سابق ملکہ نے ایران میں مظاہرین کے قتلِ عام پر گہرے افسوس اور تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر بے گناہ ایرانی کا خون میرے لیے ذاتی دکھ کی یاد تازہ کرتا ہے۔ میں ایرانی والدین کے ساتھ سوگ میں شریک ہوں اور ان کے لیے دعا گوہ ہوں۔انھوں نے زخمیوں کی صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے ایرانی مسلح افواج کو مخاطب کیا یاد رکھیں کہ کسی حکومت کی بقا یا کسی مفاد کا تحفظ ہم وطنوں کا خون بہانے کا جواز نہیں ہو سکتا۔ مظاہرین کی آواز سنیں اور دیر ہونے سے پہلے اپنے بھائیوں اور بہنوں کے ساتھ شامل ہو جائیں۔فرح پہلوی نے آخر میں کہا کہ ایک آزاد ایران کل آپ کے بچوں کا بھی وطن ہوگا۔ اپنے ہم وطنوں کا خون بہا کر اپنے اور اپنے خاندان کے مستقبل کو تباہ نہ کریں۔ تاریخ ان دنوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور رسوائی ان کے حصے میں آئے گی جنھوں نے اپنے بھائیوں اور بہنوں پر گولیاں چلائیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی