افغانستان میں گزشتہ ہفتے کابل کے ایک تعلیمی ادارے کے کلاس روم میں ہونے والے خودکش بم دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی تعداد53ہوگئی ۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق افغانستان میں اقوام متحدہ کے امدادی مشن(یو این اے ایم اے) کے ایک ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ ہفتے ایک افغان تعلیمی مرکز پر خودکش بم حملے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد53تک پہنچ گئی ہے اس حملے میں مرنے والوں میں 46لڑکیاں اور نوجوان خواتین بھی شامل تھیں جبکہ 110افراد زخمی ہیں۔ٹویٹ میں مزید کہا گیاکہ "ہماری انسانی حقوق کی ٹیم جرم کو دستاویز کاحصہ بنانے حقائق کی تصدیق کرنے کے لیے قابل اعتماد ڈیٹا قائم کرنے میں مصروف ہے ۔جمعہ کے روز خودکش حملہ آور نے کاج ہائر ایجوکیشنل سینٹر کے خواتین کے لیے مختص سیکشن میں خود کو دھماکے سے اس وقت اڑا لیا تھا جب شہر کے علاقے دشت برچی میں سیکڑوں طلبہ یونیورسٹی میں داخلے کے لیے امتحان دے رہے تھے۔تاحال کسی گروپ نے حالیہ مہلک حملے کی ذمہ داری قبول نہیں کی البتہ عسکریت پسند گروپ داعش اس سے قبل اس علاقے میں لڑکیوں، اسکولوں اور مساجد کو نشانہ بنانے کے حملوں کا دعوی کرچکا ہے، افغانستان میں شیعہ ہزارہ برادری کی بڑی تعداد موجود ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی