سعودی نیشنل سینٹر فار وائلڈ لائف ڈیویلپمنٹ کا کہنا ہے کہ جزائر فرسان میں رواں برس نقل مکانی کرکے آنے والے آبی پرندوں کی تعداد 10 ہزار سے زائد ریکارڈ کی گئی۔سعودی خبررساں ا دارے کے مطابق سعودی نیشنل سینٹر کا کہنا ہے کہ فیلڈ ٹیموں نے 45 اقسام کے آبی پرندوں کی آمد کو نوٹ کیا جو مختلف مقامات سے جزائرفرسان میں وقتی طور پر مقیم ہوئے تھے۔نینشل سینٹر نے واضح کیا کہ ماحولیاتی نگرانی کے پروگرام کے تحت نقل مکانی کرکے آنے والے پرندوں کی تعداد کو ریکارڈ کیا جاتا ہے تاکہ جنگلی حیات کے ماحول کو ان کے لئے سازگار رکھا جائے۔ جزائرفرسان مملکت کے اہم ترین مقامات میں سے ایک ہے جہاں آبی پرندوں کے لئے بہترین سمندری اور ساحلی رہائشی مقامات ہیں جو بڑی تعداد میں نقل مکانی کرنے والے آبی پرندوں کے لیے بحیر احمر میں بہترین پناہ گاہ ثابت ہوتی ہیں۔
واضح رہے جزائر فرسان کو رامسر کنوینشن کی بین الاقوامی ویٹ لینڈز فہرست میں شامل کیا گیا ہے۔سعودی عرب کا یہ پہلا میرین ریزرو ہے جسے سرکاری طور پر رامسر کنوینشن میں رجسٹر کیا گیا۔یہ کامیابی سعودی عرب کے وژن 2030 اور سعودی گرین انیشیٹیو کے اہداف کے مطابق ماحولیاتی نظام کے تحفظ کے لیے مملکت کی جانب سے قدرتی وسائل کے تحفظ اور حیاتیاتی تنوع میں اضافے کے لیے کی جانے والی کوششوں کا نتیجہ ہے۔خیال رہے ویٹ لینڈز کا شمار عالمی سطح پر سب سے اہم ماحولیاتی نظام میں ہوتا ہے کیونکہ وہ زمین کی سطح پر موجود حیاتیات اور پودوں کا تقریبا 40 فیصد اور دنیا میں کاربن کا 30 فیصد ذخیرہ کرتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی