آئی ایم ایف کی ایک اہم کمیٹی کی سربراہ نے یوکرین میں روس کی جنگ کو معاشی ترقی میں سست روی اور عالمی عدم استحکام پیدا کرنے کی واحد سب سے اہم وجہ قرار دیا ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق نادیہ کالوینو کا تبصرہ ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب وزرائے خزانہ اور مرکزی بینکرز آئی ایم ایف اور ورلڈ بینک کے سالانہ اجلاس کے لیے واشنگٹن میں جمع ہوئے۔ان اجلاسوں میں جنگ، بڑھتی ہوئی افراط زر اور موسمیاتی بحران پر توجہ مرکوز کی گئی۔بین الاقوامی مالیاتی کمیٹی کی سربراہ اور سپین کی وزیر اقتصادیات کالوینو نے کہا کہ پورے ہفتے روس سے یوکرین کے خلاف جنگ روکنے کے لیے پرزور مطالبہ کیا گیا۔انہوں نے ایک پریس کانفرنس میں امن کو اقتصادی پالیسی کا اہم ذریعہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ جنگ واحد اہم ترین عنصر ہے جو ترقی کو سست روی کا شکار کرتا ہے اور مہنگائی، توانائی اور غذائی عدم تحفظ اور غیر یقینی صورتحال پیدا کرتا ہے۔کالوینو نے مزید بتایا کہ کمیٹی جس میں روس شامل ہے، کسی معاہدے تک پہنچنے میں ناکام رہی کیونکہ روس نے اتفاق رائے کو روک دیا۔بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ ممالک نے یوکرین کو مالی امداد فراہم کرنے کے لیے رضاکارانہ تعاون کا خیرمقدم کیا ہے۔جمعرات کو 20 بڑی معیشتوں کے گروپ نے مشترکہ اعلامیہ جاری کیے بغیر واشنگٹن میں مذاکرات بند کر دیے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی