i بین اقوامی

یوکرین میں لڑائی جاری، روس کی جانب سے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے اشارے نہیں ملے،پینٹاگونتازترین

October 04, 2022

پینٹاگون نے اعلان کیا ہے کہ روس نے مزید 3 لاکھ فوجیوں کو بھرتی کرنے کا منصوبہ بنایا ہے تاہم ابھی تک یوکرین میں بڑے پیمانے پر مزید روسی فوجیوں کا داخلہ نہیں ہوا ہے۔غیر ملکی میڈ یارپورٹس کے مطابق خیرسن اور خار کیف میں لڑائی جاری ہے۔ روس کی توجہ باخموت پر مرکوز ہے۔پینٹاگون نے بھی اس بات کی تصدیق کردی ہے کہ یوکرین میں روس اور یوکرین فورسزکے درمیان لڑائی جاری ہیں اور کسی بھی فریق کا پلڑا بھاری ہونے کا معلوم نہیں ہورہا۔ تاہم آئزیم سے محروم ہونے کے باعث روسی فوجیوں کی نقل و حرکت کی صلاحیت محدود ہوگئی ہے۔پینٹاگون نے مزید کہا ہے کہ ایسے کوئی اشارے نہیں ملے ہیں کہ روس جوہری ہتھیار استعمال کرنے کے لیے تیار ہے۔کریملن نے گزشتہ روز جوہری ہتھیاروں کے استمال کی بات شروع کرنے والے روسی سیاست دانوں اور ارکانِ پارلیمان کی حوصلہ شکنی کردی ۔صدارتی ترجمان دمتری پیسکوف نے کہا کہ جوہری ہتھیاروں کا استعمال صرف جوہری نظریے کی شرائط کے مطابق ہوگا۔خیال رہے چیچن صدر رمضان قدیروف سمیت متعدد سیاست دانوں نے کئی خطوں میں روسی فوج کو درپیش ناکامیوں کے تناظر میں ٹیکٹیکل جوہری ہتھیاروں کے استعمال پر زور دیا ہے ۔پیسکوف سے جوہری ہتھیاروں کے استعمال کے مطالبات کے متعلق سوال کیا گیا تو انہوں نے جواب دیا کہ وہ تمام وجوہات جو اس طرح کے ہتھیاروں کے استعمال کا باعث بنتی ہیں جوہری نظریہ کی دفعات میں طے کردی گئی ہیں۔ ان دفعات کے علاوہ کسی دوسری صورتحال میں جوہری ہتھیاروں کا استعمال نہیں ہوسکتا۔


کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی