متحدہ عرب امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے یوکرین کے صدر زیلینسکی سے ٹیلیففون پر رابطہ کیا ہے۔ امارات کے خبررساں ادارے وام کے مطابق رابطے کے دوران امارات اور یوکرین کے درمیان تعاون اور دوستی کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔یوکرین بحران کی تازہ صورتحال اور مکالمے،ِ سفارت کاری کے ذریعے کشیدگی کم کرنے کی کوشش کی اہمیت پر بھی غور کیا گیا۔شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ امارات بحران کو دھماکہ خیز ہونے سے روکنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گا۔ مذاکرات اور مصالحت کا ماحول سازگار بنانے میں ہر ممکن تعاون کیلیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یوکرین بحران کے خطرناک نتائج کا دائرہ روس اور یوکرین تک ہی محدود نہیں ہے بلکہ پوری دنیا اس سے متاثر ہورہی ہے اور یہ عالمی امن و سلامتی اور بین الاقوامی معیشت پر برا اثر ڈال رہا ہے۔ شیخ محمد بن زاید نے مزید کہا کہ امارات بحران کے اقتصادی و انسانی اثرات کم کرنے میں معاون ہر اقدام اور ہر کوشش جاری رکھنے کے لیے تیار ہے۔ ٹیلیفونک رابطے کے دوران دونوں رہنماوں نے امارات اور یوکرین کے سفارتی تعلقات کی 30 ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کی اورامید ظاہر کی کہ دونوں ملک مشترکہ مفادات میں معاون ترقی و خوشحالی کا عمل جاری رکھیں گے اور دونوں ملکوں کے عوام کی امنگوں کو پورا کرنے کے لیے باہمی تعلقات کو فروغ دیتے رہیں -
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی