فلپائن میں ایک ہی لاٹری میں 433 لوگوں کا جیک پاٹ نکلنے کے واقعہ نے ریاضی دانوں کے سر چکرا دیے جبکہ اس حوالے سے تحقیقات کا مطالبات بھی سامنے آئے ہیں۔مقامی میڈیا کے مطابق گرینڈ لوٹو کا سب سے بڑا انعام جیتنے والوں کی یہ سب سے بڑی تعداد ہے۔گذشتہ ہفتے کے جیک پاٹ کا انعام 23 کروڑ 60 لاکھ پیسو (40 لاکھ امریکی ڈالر) تھا اور جیت کا عدد ایسے اعداد کی سیریز تھا جو سب نو سے تقسیم ہو سکتے تھے۔فلپائن میں سینیٹ کے اپوزیشن رہنما کوکو پیمینٹل نے ان 'مشتبہ' نتائج کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق ایک ماہر نے بتایا کہ اگر ایک کروڑ لوگوں نے یہ لاٹری کھیلی تو اتنے لوگوں کے جیتنے کا امکان ایک کے بعد 1224 صفر لگانے کے بعد جو عدد بنے، اس میں سے ایک ہے۔یونیورسٹی آف فلپائن میں ریاضی کے پروفیسر گائیڈو ڈیوڈ نے کہا کہ یہ عدد اتنا بڑا ہے کہ مجھے اس کا نام بھی معلوم نہیں۔ ہم نے جتنی کائنات دیکھی ہے، اس میں مالیکیولز کی تعداد 80 صفر جتنی ہے۔گرینڈ لوٹو کے شرکا کو ایک سے لے کر 55 میں سے چھ اعداد چننے پڑتے ہیں۔ جیک پاٹ جیتنے کے لیے کسی کھلاڑی کے تمام چھ نمبرز وہی ہونے چاہییں جو لاٹری آپریٹر نے نکالے ہوں۔کوکو پیمینٹل نے لاٹری کے غیر معمولی نتائج کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ 'یہ لاٹری گیمز جمہوریہ فلپائن سے منظور شدہ ہیں اس لیے ہمیں ان گیمز کی ساکھ کو برقرار اور محفوظ رکھنا ہے۔'اتوار کو اس لاٹری کے منتظم سرکاری ادارے فلپائن چیرٹی سویپ سٹیکس آفس (پی سی ایس او) کے جنرل مینیجر میلکوئیڈز روبلز نے کہا کہ کوئی بے ضابطگیاں نہیں ہیں۔ انھوں نے کہا کہ فلپائن میں لوگوں کی عادت ہے کہ وہ سلسلہ وار نمبروں پر شرط لگاتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی