مبصرین کا کہنا ہے کہ چین کے صدرشی کے تیسری پانچ سالہ مدت کے لیے سربراہ بننے کا امکان روشن ہے۔امریکی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق شی نے 2018 میں صدارتی مدت کی حدود کو ختم کر دیا تھا، جس سے ان کے لیے تیسری پانچ سال یا اس سے زیادہ مدت کے لیے حکومت کرنے کا راستہ صاف ہو گیا۔توقع ہے کہ کانگریس شی جن پھنگ کو پارٹی جنرل سیکرٹری، چین کے سب سے طاقتورعہدے کے ساتھ ساتھ مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین کے طور پردوبارہ توثیق کردے گی۔ مارچ میں چین کی پارلیمنٹ کے سالانہ اجلاس میں شی کی صدارت کی تجدید کے امکانات بہت واضح ہیں ۔کانگریس کے ختم ہونے کے اگلے دن، توقع ہے کہ شی اپنی نئی پولیٹ بیورو سٹینڈنگ کمیٹی کو متعارف کرائیں گے، جو سات افراد پر مشتمل قیادت کی ٹیم ہے۔ اس میں وہ شخص شامل ہو گا جو لی کی چیانگ کی جگہ وزیراعظم کا عہدہ سنبھالے گا ،جب کہ لی مارچ میں اپنی دو میعاد پوری کرنے کے بعد عہدے سے سبکدوش ہو جائیں گے۔ چینی صدر نے اتوار کے روز حکمران کمیونسٹ پارٹی کے پانچ سالہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے اپنے ملک کی موجودہ اور مستقبل کی پالیسیوں کا مختصر احاطہ کیا۔ انہوں نے کووڈ 19 کے خلاف لڑائی کو زور دیا جبکہ نجی شعبے کی حمایت کا اعادہ کیا اورمارکیٹوں کے کلیدی کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کی ، جو ایک اعتبار سے چین کے بنیادی "سوشلسٹ معاشی نظام" کو تبدیل کر رہا ہے۔کانگریس کے اس اجلاس میں تیسری بارپارٹی کی قیادت کی مدت میں توسیع کی توقع کی جا رہی ہے جو ما زے تنگ کے بعد ملک کے سب سے طاقتور حکمران کے طور پر شی کی حیثیت کو مستحکم کرے گی۔ اس اجلاس میں ملک بھر سے تقریبا 2,300 مندوبین شرکت کر رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی