i بین اقوامی

چین نے اقوام متحدہ میں امریکہ اور بھارت کی طرف سے ممبئی حملوں کے مبینہ ملزم ساجد میر کو بلیک لسٹ کرنے کی تجویز کو روک دیاتازترین

September 17, 2022

چین نے اقوام متحدہ میں امریکہ اور بھارت کی طرف سے کالعدم لشکر طیبہ (ایل ای ٹی) کے ممبئی حملوں میں ملوث مبینہ مرکزی ملزم ساجد میر کو بلیک لسٹ کرنے کی تجویز کو روک دیا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق بیجنگ نے امریکہ اور بھارت کی طرف سے مشترکہ طور پر پیش کی گئی اس تجویز کو روک دیا ہے جس میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی القاعدہ پابندیوں کی کمیٹی 1267 کے تحت میر کو عالمی دہشت گرد کے طور پر بلیک لسٹ کرنے اور اس کے اثاثے منجمد کرنے، سفری پابندی اور ہتھیاروں کی پابندی کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔یہ چار ماہ کے اندر بیجنگ کی طرف سے اس طرح کا تیسرا اقدام ہے ۔ملزم ساجد میر کو ممبئی حملوں کا مرکزی منصوبہ ساز کہا جاتا رہا ہے، اس کے بارے میں ایک عرصے تک وفات پا جانے کی افواہیں بھی پھیلائی گئیں۔ مبینہ طور پر 2008 کے ممبئی حملوں کی ہدایت دینے والے 44 سالہ ساجد میر کو لاہور کی انسداد دہشت گردی کی عدالت نے دہشت گردی کی مالی معاونت کے مقدمے میں مجرم قرار دیتے ہوئے ساڑھے 15 سال قید کی سزا سنائی تھی اور ان پر 4 لاکھ 20 ہزار روپے جرمانہ بھی عائد کیا گیا ۔ساجد میر کے سر پر امریکی فیڈرل بیورو آف انویسٹی گیشن(ایف بی آئی ) نے 5 ملین امریکی ڈالر کا انعام مقرر کررکھا تھا، جب کہ انہیں مطلوب ترین افراد کی فہرست میں شامل کر رکھا تھا۔ 2007 میں امریکی اخبار نیویارک ٹائمز میں شائع ہونے والی تحریر میں بتایا گیا تھا کہ لاہور میں پیدا ہونے والے ساجد میر کا تعلق لشکر طیبہ سے ہے۔ جب کہ انہیں فرانسیسی عدالت کی جانب سے ان کی غیر موجودگی میں نیوکلیئر پلانٹ حملے کی منصوبہ بندی کے الزام میں 10 سال قید کی سزا سنائی تھی۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی