ملکہ الزبتھ دوم کے تابوت پر لگے شاہی جھنڈے کو پکڑنے کے الزام میں زیر حراست شخص کو لندن کی مقامی عدالت میں پیش کیا گیا جہاں بتایا گیا کہ ملزم خود چیک کرنا چاہتا تھا کہ کیا ملکہ واقعی مر چکی ہے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق 28 سالہ محمد خان جمعہ کی رات مبینہ طور پر ملکہ کے تابوت تک پہنچا اور اس پر لگے رائل اسٹینڈرڈ کو پکڑ لیا۔ملزم کو گرفتار کرکے ویسٹ منسٹر مجسٹریٹ کی عدالت میں پیش کیا گیا، اس پر 2 پبلک آرڈر کی خلاف ورزی کا الزام ہے۔پراسیکیوٹر لیوک اسٹیٹن نے عدالت کو بتایا کہ ملزم ویسٹ منسٹر ہال پہنچا جہاں موجود افسران نے اسے تابوت کے قریب جاتے ہوئے دیکھا۔دوران سماعت عدالت کو بتایا گیا کہ ملزم تابوت کی جانب بڑھا اور دونوں ہاتھوں سے تابوت پر لپٹے ہوئے رائل اسٹینڈرڈ پرچم کو پکڑ لیا، موقع پر موجود افسران نے محمدخان کو فوری طور پر حراست میں لے کر گرفتار کیا اور پولیس نے اس سے سوال جواب کیے۔لیوک اسٹیٹن نے عدالت کو بتایا کہ پولیس انٹرویو کے دوران مدعا علیہ نے اس خیال کا اظہار کیا کہ اس کا خیال تھا کہ ہوسکتا ہے کہ ملکہ مری نہ ہو اور ملکہ کی موت کی تصدیق کرنے اور خود چیک کرنے کے لیے وہ تابوت کے پاس گیا، عدالت کو بتایا گیا کہ محمد خان وہم میں مبتلا تھے۔ڈسٹرکٹ جج مائیکل سنو نے ملزم سے مکالمہ کیا کہ اس وقت جب آپ ویسٹ منسٹر ہال میں تھے تو آپ نے یہ تسلیم نہیں کیا کہ ملکہ مر چکی ہے اور یہی وجہ تھی کہ آپ اپنے آپ کو مطمئن کرنے کے لیے تابوت کی جانب بڑھے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی