بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے اعلان کیا ہے کہ وہ گزشتہ سال کی بغاوت کے دوران لوٹی گئی مشین گنوں، رائفلوں اور پستولوں کی واپسی پر نقد انعامات دے گی، تاکہ اہم انتخابات سے قبل درجنوں نہیں بلکہ سیکڑوں ہتھیار واپس حاصل کیے جا سکیں۔ غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق تقریبا 6 ہزار آتشیں ہتھیار اگست 2024 میں ہونے والی خونریز شورش کے دوران پولیس کے اسلحہ خانوں سے لوٹ لیے گئے تھے، اس بغاوت نے سخت گیر وزیراعظم شیخ حسینہ کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔پولیس کے ترجمان اے ایچ ایم شہادت حسین کے مطابق اب تک ایک ہزار 300 سے زائد ہتھیار تاحال لاپتا ہیں، پولیس نے ان ہتھیاروں کی واپسی پر دیے جانے والے انعامات کی تفصیل جاری کی ہے۔ایک لائٹ مشین گن کے لیے 4 ہزار امریکی امریکی ڈالر سے زائد، ایک اسالٹ رائفل کے لیے 800 ڈالر، شاٹ گن یا پستول کے لیے 400 ڈالر انعام دیا جائے گا، گولا بارود کی واپسی پر بھی نقد رقم ادا کی جائے گی۔شہادت حسین نے کہا کہ بنگلہ دیش پولیس مکمل رازداری کی ضمانت دیتی ہے، اور عوام سے اپیل کی کہ وہ ہتھیار واپس جمع کرا دیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی